QR CodeQR Code

چودھری شجاعت نے ملک کو بڑے بحران سے بچا لیا، چودھری ظہیرالدین

18 Jan 2013 16:12

اسلام ٹائمز:صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کا سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کیلئے یہ پیغام ہے کہ وہ اجتماعات میں کیک ایک دوسرے کے منہ پر ملنے کی بجائے سلیقے سے کھانے کی تربیت حاصل کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چوہدری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے پرامن اختتام کے حوالے سے چودھری شجاعت حسین نے قابل فخر مفاہمتی کردار ادا کیا، جمہوریت کے بظاہر نام لیواؤں نے ڈاکٹر طاہر القادری اور شرکاء لانگ مارچ کو ہرزہ سرائی سے مشتعل کر کے خون خرابے کی جو سازش کی تھی وہ بری طرح ناکام ہوئی اور جیت جمہوریت اور جمہوری اقدار کی ہوئی۔ چودھری ظہیر نے پنجاب اسمبلی میں خسرہ کے پھیلاؤ اور سرکاری سکولوں میں ہیڈ ماسٹرز کی 1256 خالی آسامیوں پر 2 تحریکیں بھی جمع کروائیں۔

اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری ظہیر الدین خاں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں ہمارے ساتھ کوئی مشاورت نہیں ہوئی، مذمتی قرارداد ان سازشیوں کے خلاف آنی چاہئیے جو جمہوریت کی بساط لپٹنے کی جھوٹی کہانیاں سنا کر عوام کو گمراہ کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کا سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ وہ چھوٹے بڑے اجتماعات میں کیک ایک دوسرے کے منہ پر ملنے کی بجائے سلیقے سے کھانے کی تربیت حاصل کریں۔

چودھری ظہیر الدین خاں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئین کی دفعہ 62 ، 63 پر صیح معنوں میں عمل ہو گیا تو وزیر اعظم بننے کی "باری" کے منتظر لیڈر انتخابی عمل سے ہی باہر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے مفاہمتی عمل میں اہم کردار ادا کر کے ملک کو بڑے بحران سے بچا لیا ہے جس سے ثابت ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ ہمیشہ پاکستان کے بقاء کے لئے سرگرم تھی اور رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 232356

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/232356/چودھری-شجاعت-نے-ملک-کو-بڑے-بحران-سے-بچا-لیا-ظہیرالدین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org