0
Friday 18 Jan 2013 21:00

پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے منموہن سنگھ کا حالیہ بیان افسوس ناک ہے، مفتی سعید

پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے منموہن سنگھ کا حالیہ بیان افسوس ناک ہے، مفتی سعید
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیر اعظم کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے پی ڈی پی کے سرپرست اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا ہے کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے پاکستان و بھارت کے مابین موجودہ مشکلات کے حوالے سے اُن لوگوں کی ہاں میں ہاں ملائی جو دونوں ممالک کے تعلقات کو استوار ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ امن عمل کو صرفِ نظر کرنے کے تمام اقدامات کو وہ مضبوطی کے ساتھ مسترد کرتے ہیں، کٹھوعہ میں ضلع کمیٹی کے ممبران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سرپرست نے کہا کہ پاک و بھارت کے درمیان امن عمل میں بریک لگانے کے ایسے اقدامات کشمیری عوام کی خواہشات کیلئے شدید دھچکہ ہیں، انہوں نے کہا کہ نئی آسان ویزا پالیسی کو التوا میں ڈالنے اور پاکستانی ہاکی کے کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے کے نتیجے میں کشمیری عوام میں منفی تاثر پیدا ہوگیا ہے، جو بھارتی وزیر اعظم کی طرف نظریں لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ امن عمل کو آگے لیجانے میں سنجیدہ ہیں اور جس کی وجہ سے گذشتہ 10 برسوں میں کشمیری عوام کے دلوں میں ایک مثبت کیفیت کا رجحان پیدا ہوگیا ہے۔

انہوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے حد متارکہ پر پیدا شدہ کشیدگی اور تناو کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے جموں و کشمیر کے عوام کے جذبات و احساسات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے، انہوں نے بھارتی وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ شروع کئے گئے امن عمل اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے موثر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے، مفتی سعید نے کہا کہ ملک کے اُن تمام امن پسند حلقوں کیلئے وزیراعظم کا بیان بد دل کرنے کے مترادف ہے جو انہوں نے لائن آف کنٹرول پر بدقسمتی سے پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ روابط و تعلقات کو جاری نہ رکھنے کے بارے میں دیا، اور اس کے بعد میڈیا کے ایک حلقے میں اسے اچھالا گیا اور یہ انتہائی بدقسمتی کا مقام ہے کہ وزیر اعظم نے ہی امن عمل کو تقویت پہنچانے کیلئے کٹھن راستہ اختیار کیا اور اب وہی پاکستان سے متعلق پالیسی میں اُن انتہا پسند رجحانات کو جگہ دے رہے ہیں جو کہ انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 232383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش