0
Friday 18 Jan 2013 19:52

رہنما امریکہ کی بجائے اللہ و رسول کی خوشنودی کا راستہ اختیار کریں، علامہ ریاض شاہ

رہنما امریکہ کی بجائے اللہ و رسول کی خوشنودی کا راستہ اختیار کریں، علامہ ریاض شاہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت عید میلاد النبی(ص) کے موقع پر لوڈشیڈنگ کم کرنے کا اعلان کرے، عید میلاد النبی(ص) حقیقی مسرتوں کا دن ہے، مسلمان حضور نبی کریم(ص) کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگیوں کا محور بنائیں اور سنّت رسول کو اپنا کر اپنی زندگیوں کی تعمیر کریں، ناموسِ رسالت کے فدائیوں کو مجرم قرار دینا دین دشمنی ہے، مذہبی و سیاسی راہنما امریکہ اور مغرب کی بجائے اللہ اور رسول اللہ(ص) کی خوشنودی کا راستہ اختیار کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میلادالنبی(ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ اقتدار کے حصول کے لیے ضمیر فروشیاں عام ہو گئی ہیں، ہم مسلمان ہیں اور ہماری بیعت حضور(ص) کے ہاتھ پر ہے اور ہم نے حضور(ص) ہی کا کلمہ پڑھا ہے، ہمیں اس کلمے کے بدلے میں امریکہ، کینیڈا، جاپان، یورپ اور مشرق و مغرب کی تمام سلطنتیں بھی مل جائیں تو بھی ہماری وفائیں مدینے والے محمد(ص) کے ساتھ ہی ہوں گی۔

سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ محبتِ رسول ہی اصل متاعِ حیات ہے،مسلمان محبتِ رسول کے حقیقی اظہار کے لیے اطاعتِ رسول کا راستہ اختیار کریں۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اہلسنّت عید میلاد النبی(ص) کے موقع پر ملک بھر میں مشعل بردار جلوس بھی نکالے گی، جس میں تمام عاشقان رسول شریک ہوں گے اور انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ جشن عید میلاد النبی کے تمام جلوسوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ ملک دشمن عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
خبر کا کوڈ : 232390
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش