0
Saturday 19 Jan 2013 13:11

پاکستان اور بھارت کنٹرول لائن پر جنگی جنوں سے گریز کریں، سردار اشتیاق

پاکستان اور بھارت کنٹرول لائن پر جنگی جنوں سے گریز کریں، سردار اشتیاق
اسلام ٹائمز۔ متحدہ کشمیر نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اشتیاق حسین خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کنٹرول لائن پر جنگی جنون پھیلانے اور جنگ چھیڑنے سے باز رہیں کیونکہ کشمیری عوام گذشتہ 25 برسوں سے اس جنگ کے نتیجوں سے تنگ آ چکے ہیں اور ہم کسی بھی قسم کی جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے باغ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کسی بھی جنگ کے ذریعے ممکن نہیں۔ دونوں ممالک گذشتہ نصف صدی سے اس حکمت عملی کی ناکامی کے گواہ ہیں۔ ہماری کنٹرول لائن پر ایسی نفرت صرف کشمیر کی فرقہ وارانہ تقسیم کی راہیں ہموار کرتی ہے جو ہمیں قبول نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر یہ حکمت عملی جاری رہی تو کشمیری عوام کنٹرول لائن پر بین الاقوامی میڈیا کے سامنے ننگے پائوں مارچ کرنے پر مجبور ہوں گے اور ہم یہ سارا ظلم و ستم بین الاقوامی دنیا کے سامنے لائیں گے۔ سردار اشتیاق حسین نے مزید کہا کہ جنبوبی ایشیاء، برصغیر اور کشمیر کے عوام امن چاہتے ہیں۔ ہم مذاکرات اور پرامن طریقوں سے اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ عوام اس غربت، تنگ دستی، جہالت اور تعصبات سے تنگ آ چکے ہیں۔ یہ سرحدوں پر ٹھاہ ٹھو صرف ہمارے حقوق کو غصب کرنے اور ہمیں پرامن ذرائع سے اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے سے روکنے اور عوام کو خوفزدہ کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔ ہم اس حقیقت سے باخبر ہیں کہ یہ دونوں ملک ایک دن بھی جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے ہیں۔ انھیں یہ ڈرامہ بند کر کے اپنے عوام کی حالت زار کو بدلنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 232575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش