QR CodeQR Code

بلوچستان کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی حالات حکومتی کنٹرول سے باہر ہوسکتے ہیں، منورحسن

19 Jan 2013 16:56

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو بین الاقوامی کنٹرول میں لینا اور بھارت کو علاقے کا تھانیدار بناناچاہتاہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ باڑہ سمیت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف مقامات پر جاری ملٹری آپریشن فوری ختم اور امریکی ایما پر معصوم شہریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند کیا جائے۔ فوجی آپریشن عوام کے اندر نفرت اور لوگوں میں اشتعال پیدا کررہاہے۔ ملک دشمن قوتیں عوام اور فوج کی باہمی چپقلش سے فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم مقاصد پورے کر رہے ہیں۔ ایک طرف امریکہ طالبان قیادت سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہاہے جبکہ دوسری طرف حکومت مسئلے کا حل افہام و تفہیم سے نکالنے کی بجائے طاقت کے اندھے استعمال پر تلی ہوئی ہے اور تمام وسائل بندوق کی نالی سے حل کرنا چاہتی ہے۔ حکومت باڑہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے اور معافی مانگے۔ حکومت کی طر ف سے دانشمندی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو بلوچستان کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی حالات حکومتی کنٹرول سے باہر ہوسکتے ہیں۔
 
سید منورحسن نے کہاکہ دنیا میں کوئی ایک مثال ایسی نہیں جہاں ملٹری آپریشن سے مسئلے کا حل نکل سکا ہو۔ طاقت کے استعمال اور بدترین فوجی آپریشن کے بعد بھی مذاکرات کی میز سجانا پڑتی ہے۔ سید منورحسن نے کہاکہ آرمی چیف نے اعلان کیا تھاکہ سوات آپریشن کامیاب ہو گیاہے اور علاقے سے دہشتگردوں کا خاتمہ کر دیاگیاہے مگر فوج اب بھی سکولوں اور ہسپتالوں میں براجمان ہے اور علاقے کو خالی کرنے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی طرح خیبر پختونخوا کے حالات کو بھی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خراب کیا جارہاہے اور ملک دشمن عناصر پورے ملک کو عدم استحکام کا شکار کر کے پاکستان کے خلاف '' گریٹ گیم '' کو کامیاب بنانے کے مکروہ عزائم کو پورا کرنا چاہتے ہیں جس کے تحت امریکہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو بین الاقوامی کنٹرول میں لینا اور بھارت کو علاقے کا تھانیدار بناناچاہتاہے۔
 
سیدمنورحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود کراچی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق فوج کی بجائے ایم کیو ایم کے کارکنوں کی نگرانی میں کروائی جارہی ہے جو ووٹر لسٹوں کو شفاف بنانے کی بجائے مزید خراب کرنے کی کوشش ہے۔ کراچی کے شہری اس صورتحال سے پریشان ہیں۔ حکومت نے کراچی کے تمام معاملات ایم کیو ایم کے ہاتھ میں دے رکھے ہیں اور سپریم کورٹ کے حکم کی بھی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 232629

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/232629/بلوچستان-کی-طرح-خیبر-پختونخوا-میں-بھی-حالات-حکومتی-کنٹرول-سے-باہر-ہوسکتے-ہیں-منورحسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org