0
Sunday 20 Jan 2013 18:30
گورنر پنجاب کے تین بیٹے پیپلز پارٹی میں شامل

پیپلزپارٹی ایک مشن، فلسفے اور تحریک کا نام ہے، یوسف رضا گیلانی

پیپلزپارٹی ایک مشن، فلسفے اور تحریک کا نام ہے، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم پاکستان و پاکستان پیپلزپارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے رحیم یار خان میں پاکستان پیپلزپارٹی رحیم یار خان کے زیراہتمام ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت پاکستان کی عوام کے ساتھ مخلص ہے جس کا واضح ثبو ت ملک بھر میں اور بالخصوص جنوبی پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کام ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی ایک مشن، ایک فلسفے اور ایک تحریک کا نام ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں سے متعلق کمیشن کی رپورٹ قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں پیش کی جائے گی، دیکھتے ہیں کہ کمیشن کی رپورٹ کی کون مخالفت کرتا ہے، جو لوگ نہیں چاہتے کہ جنوبی پنجاب کے عوام ترقی کرسکیں وہ روڑے اٹکا رہے ہیں۔ 

جلسہ عام سے گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور اُن کے صاحبزادے ممبر قومی اسمبلی سید مصطفٰی محمود اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔ گورنر پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت گورنر کوئی سرکاری مراعات نہیں لیں گے، گورنر پنجاب مقرر کرنے پر صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں، آئندہ عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے گورنر پنجاب کے بیٹوں ممبر قومی اسمبلی سید مصطفٰی محمود، ممبر صوبائی اسمبلی سید مرتضٰی محمود اور سید علی محمود کے پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ گورنر پنجاب کے دونوں بیٹے ایم این اے سید مصطفٰی محمود اور ایم پی اے سید مرتضٰی محمود فنکشنل لیگ کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے سید مصطفٰی محمود رکن قومی اسمبلی اور مرتضٰی محمود ایم پی اے ہیں۔ یہ دونوں 2008ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ فنکشنل کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ گورنر پنجاب کے تیسرے صاحبزادے سید علی محمود بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ ان تینوں کی شمولیت کا اعلان سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے رحیم یار خان کے ایک جلسے میں کیا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ الگ صوبہ بنائے بغیر جنوبی پنجاب کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ الگ صوبے کی حمایت کرنے والے جنوبی پنجاب کے دوست ہیں۔ دیکھیں گے کمیشن کی رپورٹ کی کون مخالفت کرتا ہے کون حمایت۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے گورنر ہائوس کے دروازے کُھلے ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے جہلم سے مسلم لیگ نون کے دو ارکان قومی اسمبلی راجہ صفدر اور راجہ اسد اپنے والد سابق سینیٹر راجہ محمد افضل کے ساتھ پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 232983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش