QR CodeQR Code

بلوچستان میں گورنر راج کیخلاف ہڑتال مضحکہ خیز ہے، جے یو آئی نظریاتی

21 Jan 2013 12:24

اسلام ٹائمز: سابق سینیٹر فضل بڑیچ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو اس قسم کے اقدامات کے خلاف مشترکہ سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا جا ئے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے ضلعی امیر اور سابق سینٹر فضل محمد بڑیچ نے کوئٹہ میں مسلم لیگ ن سے مستعفی ہونے والے میر امان اللہ لانگو ایڈووکیٹ کی ساتھیوں سمیت جمعیت نظریاتی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق بلوچستان حکومت کی نا اہلی، کرپشن، لوٹ مار، عوام دشمن پالیساں اور اقدامات کی وجہ سے صوبے میں گورنر راج نافذ ہوا۔ پچھلے 5 سالوں سے سابق وزراء کی فوج ظفر موج نے صوبے میں جاری کشت و خون، اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، بدامنی اور لاقانونیت کے خاتمے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش تک نہیں کی، بلکہ اکثر وارداتوں کی سرپرستی سابق صوبائی وزراء کرتے چلے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزراء کی لوٹ مار اور کرپشن کو اس غریب صو بے کے عوام کے ساتھ انتہائی ناانصافی اور ظلم سمجھتے ہیں۔ صوبائی حکومت میں شامل سابق وزراء کی بے انتہاء کر پشن کا سخت نوٹس لیا جائے، اور ان کے ملک اور ملک سے باہر اثاثہ جات کی تفصیل قوم کے سامنے لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ احتسابی ادارے خصوصاً نیب فوری طور بلاامتیاز اور موثر احتساب کا آغاز کرے۔ عدالت عالیہ اور نیب سابق صوبائی حکومت کی ریکارڈ کرپشن اور لوٹ مار کے حوالے سے صوبے کے عوام کے دیرینہ اور حقیقت پسندانہ مطالبے کی تکمیل کیلئے بھرپور اقدامات کریں اور کسی قسم کے سیاسی دباؤ میں نہ آئیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام نظریاتی صوبے کی کسی سیاسی پارٹی کو بلیک میلنگ اور غیر جمہوری دباؤ کی اجازت نہیں دے گی۔ گذشتہ روز پریس کانفرنس میں عوام دشمن اور کرپٹ سیاسی قوتوں کی جانب سے گورنر راج کے خلاف ہڑتال مضحکہ خیز قرار، احتساب سے بچنے اور نگران حکومت میں حصہ مانگنے کی چال ہے۔ جمعیت علماء اسلام نظریاتی اس بلیک میلنگ کی سیاست کی قطعاً اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو اس قسم کے ناروا اقدامات کے خلاف دیگر مخلص سیاسی و جمہوری قوتوں سے رابطہ کیا جائے گا اور اس کرپٹ اور نا اہل ٹولے کے خلاف ایک مشترکہ سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سابق نااہل حکمران اور جماعتیں اگر صوبے میں جاری بدا منی اور دیگر جرائم پر اتنا احتجاج کرتیں جتنا آج اپنی وزارتوں، مراعات، مفادات، نگران حکومت حصہ اور نیب کی تحقیقات سے بچنے کیلئے کر رہی ہیں تو صوبے کے عوام کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔


خبر کا کوڈ: 233083

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/233083/بلوچستان-میں-گورنر-راج-کیخلاف-ہڑتال-مضحکہ-خیز-ہے-جے-یو-ا-ئی-نظریاتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org