0
Monday 21 Jan 2013 17:07

ملتان، متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام سید منظر امام کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی

ملتان، متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام سید منظر امام کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ ملتان زون کے انچارج رائے خالد محمو د نے کہاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پرامن جمہوری جماعت ہے تاہم ہماری امن پسندی کوکمزوری ہرگزنہ سمجھاجائے۔ ہم امن پسند لوگ ہیں، امن کاقیام قائدتحریک جناب الطاف حسین کادرس اورہماری طاقت ہے۔ انہوں نے سیدمنظرامام کی المناک شہادت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے امن کی طاقت سے دہشت گردوں کوبتاناچاہتے ہیں کہ وہ قتل وغارت گری اوردہشت گردی کے ذریعے ایم کیوایم اوراس کے کارکنان کو حق پرستانہ جدوجہدسے بازنہیں رکھ سکتے اورنہ ہی کارکنان کے حوصلے پست کرسکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم ملتان ہائوس میں حق پرست رکن سندھ اسمبلی سیدمنظرامام اوران کے محافظوں کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ قرآن خوانی کے بعدمیڈیاکے نمائندوں کوپریس بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرزونل کمیٹی اراکین علی عمران سہروردی، قیصر عباس، زاہد بخاری، قاسم رضوی، ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے ارکان اوردیگرذمہ داران بھی موجودتھے۔
 
رائے خالد محمود نے کہاکہ گزشتہ دنوں ہمارے ہر دلعزیز، سینئر تحریکی ساتھی منظر امام کو تین محافظوں سمیت دہشت گردوں نے اورنگی ٹائون کے علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کرکے بیدردی سے شہید کردیا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی اسی علاقے سے منتخب ایم پی اے رضا حیدر کو بھی شہید کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج اس پریس بریفنگ کے ذریعے ہم قائد تحریک الطاف حسین اورایم کیو ایم کے ایک ایک کارکن، ایک ایک محب وطن شہری کی جانب سے جو دہشت گردی سے نفرت کرتا ہے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہیں اور اس واقعہ کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔
 
انہوں نے کہاکہ ہم امن پسند لوگ ہیں، قائد تحریک نے ہمیشہ پرامن رہنے کا درس دیا ہے اور اسی پرامن تربیت کی وجہ سے ہی اتنی سفاکانہ دہشت گردی کے باوجود ہم پرامن سوگ منا رہے ہیں اور ہم اپنے امن اتحاد و یکجہتی کی طاقت سے دہشت گردوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ بزدلانہ دہشت گردی کی کارروائی کرکے اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ وہ قائد تحریک الطاف حسین اور ان کے بہادرجیالے ساتھیوں کو کسی بھی طرح ڈرا دیں گے یا دھمکا دیں گے۔ ایم کیوایم اوراس کے قائد الطاف حسین اس بات پر قائم ہیں کہ جان دیدیں گے مگر ان ظالموں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 233204
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش