QR CodeQR Code

پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ کی فنڈنگ چیلنج ہے، بھارتی خلاف ورزیوں پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا، حنا ربانی

21 Jan 2013 21:21

اسلام ٹائمز: قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے تحریری جوابات میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اپنے حصے کی 781 کلومیٹر پائپ لائن کی تعمیر کیلئے 1 ارب 50 کروڑ ڈالرز درکار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ کی فنڈنگ ایک بڑا چیلنج ہے، ایران پر پابندیوں کے باوجود گیس منصوبے پر پیشرفت کی جا رہی ہے۔ قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے تحریری جوابات میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کو اپنے حصے کی 781 کلومیٹر پائپ لائن کی تعمیر کیلئے 1 ارب 50 کروڑ ڈالرز درکار ہیں، پاکستان کو توانائی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مالی مشکلات دور کرنے کیلئے ایران سے بات چیت جاری ہے۔ 

ادھر وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ہم نے کنٹرول لائن پر بھارتی خلاف ورزیوں پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا، ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کو بےغیرتی نہیں سمجھتے، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار کی تقریر کا ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم نے کنٹرول لائن پر بھارتی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کو بھی آگاہ کیا، بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارت سے احتجاج کیا گیا۔ پاکستان کشیدگی بڑھانے کے بجائے خلاف ورزی روکنے کے طریقے اپنا رہا ہے، پاکستان نے بھارت کو تھرڈ پارٹی تحقیقات کی بھی پیش کش کی۔ وزیر خارجہ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ 6 جنوری کو کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک فوجی شہید ہوا، تاہم پاکستان بھارت کیساتھ امن عمل جاری رکھنا چاہتا ہے، ماضی میں الزام تراشی سے دونوں ملکوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔


خبر کا کوڈ: 233262

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/233262/پاک-ایران-گیس-پائپ-لائن-پراجیکٹ-کی-فنڈنگ-چیلنج-ہے-بھارتی-خلاف-ورزیوں-پر-ذمہ-دارانہ-رویہ-اپنایا-حنا-ربانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org