QR CodeQR Code

لاہور میں چپ تعزیہ کا جلوس، ایام عزا اختتام پذیر ہو گئے

21 Jan 2013 23:21

اسلام ٹائمز:پانڈو سٹریٹ سے صبح سات بجے سے شام چار بجے تک مجلس عزا جاری رہی جبکہ چار بجے کے بعدجلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام سات بجے کربلا گامے شاہ میں جا کر اختتام پذیر ہو گیا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں چپ تعزیہ کے جلوس کیساتھ ہی ایام عزاء اختتام پذیر ہو گئے۔ لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں پانڈو سٹریٹ میں آج صبح ایام عزا کی آخری مجلس برپا ہوئی جس میں ملک کے نامور ذاکرین کرام اور علماء عظام نے واقعہ کربلا پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مصائب آل محمد (ع) بیان کئے۔ صبح سات بجے سے شروع ہونے والی مجلس شام چار بجے تک مسلسل جاری ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار خواتین و حضرات، بچوں، جوانوں اور بزرگوں نے شرکت کی۔

بعداز مجلس چپ تعزیہ کا جلوس برآمد ہوا جو اسلام پورہ، سول سیکرٹریٹ، لوئر مال سے ہوتا ہوا شام سات بجے کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس میں عزادار ماتم داری کرتے رہے۔ جلوس کے تمام راستوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ جلوس میں شریک ہونے والوں کی جامہ تلاشی کے بعد ہی شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔ جلوس کے روٹ پر ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل اور سی سی پی او لاہور نے خصوصی وزٹ کیا اور سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

جلوس کے راستے میں جگہ جگہ پانی کی سبلیں اور لنگر امام حسین(ع) کا خصوصی اہتمام کیا تھا جب کہ رضا کاروں کی کثیر تعداد بھی جلوس کی سکیورٹی پر مامور رہی۔ جلوس شام سات بجے کربلا گامے شاہ پہنچا جہاں عزاداروں نے دختر رسول(ع) کو پرسہ دیا اور ملکی سلامتی کی دعا کے ساتھ ایام عزا کا اختتام کیا گیا۔ ایام عزا کے اختتام کے بعد جشن میلاد النبی(ص) کے سلسلہ میں علماء نے عزاداروں کو امام خمینی (رہ) کی خصوصی ہدایت پر ہفتہ وحدت منانے کی ہدایت کی۔ یاد رہے کہ 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منایا جاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 233347

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/233347/لاہور-میں-چپ-تعزیہ-کا-جلوس-ایام-عزا-اختتام-پذیر-ہو-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org