0
Wednesday 23 Jan 2013 11:41

وزیراعظم پاکستان سے صدر یعقوب کی ملاقات

وزیراعظم پاکستان سے صدر یعقوب کی ملاقات
 اسلام ٹائمز۔ تفصیلات کے مطابق صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر نے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف سے ان کے دفتر اسلام آباد میں ملاقات کی اور انھیں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں کے لیے فنڈز اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے بتایا کہ پونچھ میڈیکل کالج ہر حوالے سے مکمل ہو گیا ہے جس کا جلد از جلد افتتاح ہونا باقی ہے اور انھوں نے وزیراعظم پاکستان کو دعوت دی کہ وہ میڈیکل کالج کا افتتاح کریں۔ وزیراعظم پاکستان پرویزاشرف نے یقین دلایا کہ وہ 27 یا 28 فروری کو پونچھ میڈیکل کالج افتتاح کا کریں گے۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور دہشت گردی کے واقعات الیکشن سے پہلے ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش ہے۔ حکومت پاکستان صورتحال کی سنگینی سے آگاہ ہے۔ چیلنجز کے باوجود عام انتخابات کے لیے تیار ہیں۔ نظام میں خلل ڈالنے والی قوتوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے صبر و تحمل، برداشت اور مفاہمت کی پالیسی پر عمل کیا ہے تاکہ ملک میں پائیدار اور مستحکم سیاسی نظام کی بنیاد رکھی جا سکے۔ 

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کنٹرول لائن پر حالیہ بھارتی مہم جوئی اور ملک میں دہشت گرد حملوں کی لہر اور عام انتخابات سے پہلے سیاسی سرگرمیاں ملک کو درپیش مسائل کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے جامع مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 233814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش