0
Thursday 24 Jan 2013 21:45

کراچی میں جاری انتخابی فہرستوں کی درستگی کا عمل مشکوک ہو رہا ہے، نجیب ہارون

کراچی میں جاری انتخابی فہرستوں کی درستگی کا عمل مشکوک ہو رہا ہے، نجیب ہارون
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر نجیب ہارون نے کہا کہ شہر کراچی میں جاری انتخابی فہرستوں کی درستگی کا عمل مشکوک ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی کہ وہ سیکورٹی فورسز کی نگرانی میں صاف و شفاف انتخابی فہرستیں مرتب کرتے لیکن ایسا ہر گز نہیں کیا گیا، حکمرانوں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جو اہلیان کراچی کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پلول ہاﺅس میں پارٹی کارکنان کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما شاہنواز جدون، نجیب ولی، خالد جدون، عبداللہ جان اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے عمل کو سبوتاژ کرکے سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے جو توہین عدالت کے مترادف ہے۔ انتخابی فہرستوں کی تصدیقی عمل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فہرستوں کی تیاریوں میں وہی کچھ دوبارہ دہرایا جا رہا ہے جو پہلے دہرایا جاچکا تھا۔ صاف و شفاف انتخابات کے لیے صاف و شفاف انتخابی فہرستیں انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں اور الیکشن کمیشن نے اس عمل کو مشکوک بنانے میں اپنا کردار ادا کیا تو کروڑوں نوجوان ووٹر اور محب وطن پاکستانی بھر پور احتجاج کرینگے اور حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داریاں حکمران جماعتوں پر ہوگی۔

نجیب ہارون نے کہا کہ حکمران اور ان کی اتحادی جماعتیں کان کھول کر سن لیں کہ وہ زمانہ گزر گیا جب جعلی ووٹ اور ٹھپہ مافیا کو اپنی کامیابیوں کے لیے استعمال کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام باشعور اور میڈیا آزاد ہو چکا ہے لہٰذا اس قسم کے ہتھکنڈوں سے عوام خود نمٹنا جانتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتی ہے اور تبدیلی کے لیے آئندہ عام انتخابات میں ٹھپہ مافیا، موروثی سیاستدانوں اور کرپشن کے شہنشاہوں کو منہ توڑ جواب دیکر اپنے حق رائے دہی کا بھر پور استعمال کرکے ایک نیا پاکستان بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 233929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش