0
Wednesday 23 Jan 2013 18:11

طالبان کو کنٹرول کرنے کا واحد طریقہ امریکہ کی خطے سے واپسی ہے، رحمت وردگ

طالبان کو کنٹرول کرنے کا واحد طریقہ امریکہ کی خطے سے واپسی ہے، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیاں نہ کرنے کے متعلق چیف الیکشن کمشنر کا بیان بالکل درست ہے اور نئی مردم شماری کے بعد ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کو کنٹرول کرنے کا واحد طریقہ امریکہ کی خطے سے واپسی ہے اس کے بغیر طالبان پر کنٹرول ناممکن ہے کیونکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کا ذمہ دار امریکہ ہے اور امریکہ جس خطے میں مداخلت کرتا ہے وہاں دہشت گردی ہوتی ہے۔

یہ بات انہوں نے چیئرپرسن لیڈیز ونگ سندھ سعدیہ شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں ملک بھر میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے اور توقع ہے کہ لوٹی گئی دولت سے آئندہ انتخابات میں دوبارہ کامیاب ہونے کی بھرپور کوشش کی جائیگی اس لئے الیکشن کمیشن کو قانونی طریقے سے کرپٹ لوگوں کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا ہو گا بصورت دیگر جمہوریت کے نام پر ایک مرتبہ پھر لٹیرے ملک پر قابض ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیک اور صالح امیداروں کے متعلق آئین کی شقوں پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے اور آئین پر مکمل عملدرآمد ہی الیکشن کمیشن کی آزمائش ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے وزیراعظم، وزیرخارجہ، وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حقائق کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب تک ہمیشہ خطے میں دہشت گردی کے پاکستان پر الزامات عائد کرتا رہا ہے مگر بھارتی حکومت کی جانب سے اس اعتراف کے بعد پاکستان کا موقف درست ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابری مسجد، سمجھوتہ ایکسپریس سمیت دہشت گردی کے تمام واقعات میں ہندو انتہا پسند ملوث ہیں اور بھارتی حکومت کے اعتراف کے بعد دنیا کو ہندو انتہا پسندی کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے پاس یہ سنہری موقع ہے وہ عالمی سطح پر اپنے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کرئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور خطے میں بھی امن کا خواہاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 233937
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش