0
Thursday 24 Jan 2013 00:02

ملک کی بیشتر سیاسی جماعتیں نظریاتی اور مخلص سیاسی کارکنوں سے خالی ہوچکی ہیں، ڈاکٹر وسیم اختر

ملک کی بیشتر سیاسی جماعتیں نظریاتی اور مخلص سیاسی کارکنوں سے خالی ہوچکی ہیں، ڈاکٹر وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ انتخابات کے التوا کی افواہیں ختم کرنے اور جمہوریت کو پٹری پر رکھنے کی خاطر حکومت عبوری حکومت کی تشکیل اور الیکشن کے شیڈول کا فوری اعلان کرے۔ ماضی میں بار بار آئین اور قانون کے ماوراء ڈکٹیٹر شپ کے اقدامات کے باعث قومی انتخابات کی روایت پختہ نہیں ہوسکی یہی وجہ ہے کہ عین انتخابات کے موقع پر بھی ان کے انعقاد پر سوالات کھڑے ہوجاتے ہیں اور اگر انتخابات ہوجائیں تو حکومت بننے اور نہ بننے کی بحث شروع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتحال کا بنیادی سبب سیاسی جماعتوں کی کمزوریاں ہیں۔ ملک کی بیشتر سیاسی جماعتیں نظریاتی اور مخلص سیاسی کارکنوں سے خالی ہوچکی ہیں اور ان کا انحصار دولت، جاگیردار اور بالخصوص خاندانوں پر رہ گیا ہے۔ اس کمزوری کے باعث کوئی بھی آسانی سے سیاسی صورتحال کو اپنی پسند اور ناپسند کے مطابق ڈھال سکتاہے۔ عوام حکومت سے حکمت عملی میں تبدیلی کا تقاضا کرتے ہیں جوعناصرخود الیکشن لڑنے کے نااہل ہیں وہ سیاستدانوں کی اہلیت کے جانچنے کے دعوے دار بن رہے ہیں۔
 
وسیم اخترکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست سے ذاتی مفاد پرستی اور خاندان پرستی کا خاتمہ ملک کو ایک نئے روشن دور میں لے جاسکتا ہے اور اس مقصد کے قانون و ضوابط بدلنے کی بجائے طرز عمل بدلنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ سیشل کمار کے اعترافی بیان کے بعد دنیا ہندوستان کو دہشتگرد ریاست قرار دے۔ بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینے والوں اور دوستی کی پینگیں بڑھانے والوں کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں۔ کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی فوجی جوان کی شہادت انتہائی قابل مذمت اور بھارتی ریاستی دہشتگردی ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے خاموشی مجرمانہ غفلت کی عکاسی کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 234048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش