1
0
Thursday 24 Jan 2013 09:37
سنی شیعہ میں اختلاف ڈالنے والے اسلام کے دشمن ہیں

ہفتہ وحدت، جے ایس او کی اہل سنت برادران کو محافل میلاد میں شرکت کی دعوت

ہفتہ وحدت، جے ایس او کی اہل سنت برادران کو محافل میلاد میں شرکت کی دعوت

اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر ساجد علی ثمر نے کہا ہے کہ جے ایس او قائد اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر 12 تا 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کے طور پر منائے گی۔ لاہور میں اسلام ٹائمز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد علی ثمر نے کہا کہ سرکار دو عالم کا یوم ولادت اہل سنت برادران 12 ربیع الاول کو مناتے ہیں جبکہ مکتب اہل بیت (ع) کے مطابق 17 ربیع الاول حضور پیغمبر اکرم (ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع) کا یوم ولادت ہے۔ اس لئے بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی رضوان اللہ علیہ کے فرمان کے مطابق اس اختلاف کو وحدت میں تبدیل کرکے پورا ہفتہ دونوں معصومین کے ایام ہائے ولادت کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ جو اس سال بھی ہوں گی۔ 

انہوں نے کہا کہ ہفتہ وحدت کے دوران جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں محافلِ میلاد منعقد کی جائیں گی۔ جن میں اہل تشیع اور اہل سنت علماء کرام معصومین (ع) کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنی شیعہ میں اختلاف ڈالنے والے اسلام کے دشمن ہیں۔ ساجد علی ثمر نے کہا کہ ربیع الاول ہمیں اتحاد و وحدت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے جے ایس او کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سنی طلبہ تنظیموں کو اپنے پروگراموں میں مدعو کریں اور ان کے پروگراموں میں بھی جائیں۔ اس سے اتحاد و وحدت کی فضا کو قائم کرنے کا عملی طور پر موقع ملے گا۔ 

جے ایس او کے مرکزی صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہفتہ وحدت کے دوران تمام محافل، جلوسوں اور ریلیوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائے، تاکہ ملک میں امن کی فضا کو قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس ہفتہ کو حقیقی معنوں میں وحدت سے سرشار کریں اور وحدت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام دشمن عناصر کو پیغام دیں کہ تمام مسلمان یکجا اور متحد ہیں۔ اس سے دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے تمام ممبران اور عہدیداروں سے اپنے پیغام میں دشمن سے ہوشیار رہنے اور ہفتہ وحدت کی روح کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے خدا سے دعا کی کہ اس مقدس مہینے میں اللہ ملکِ پاکستان کو اپنی رحمت سے سرشار فرمائے اور سیرتِ محمد و آلِ محمد (ع) پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرما۔

خبر کا کوڈ : 234138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ok
ہماری پیشکش