QR CodeQR Code

شیعہ اور سنی کی تقسیم شیطانی طرز عمل ہے، احمدی نژاد

25 Jan 2013 00:48

اسلام ٹائمز: تہران میں تقریب سے خطاب میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پیامبر گرامی اسلام سب کے لئے ہیں۔ انسان کامل پورے بشریت کے لئے ہے، نہ فقط مسلمانوں کے لئے بلکہ بدھ مت، عیسائی اور یہودیوں کے لئے بھی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ انسان کو سعادت کی بلندی تک پہنچنے کے لئے دو پروں کی ضرورت ہے اور حقیقت میں یہ دونوں پر ایک ہی ہیں، اور یہ دونوں پر ایک حقیقت کے جلوے ہیں۔ ان میں سے ایک پر قرآن ہے، قرآن کتاب جہان ہے، کتاب انسان ہے، کتاب سعادت ہے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہماری وحدت کا محور قرآن ہونا چاہیئے، لیکن اس کے ساتھ ہی ہمیں قرآن کی ایسی تفسیر اور تشریح کی ضرورت ہے جو عین قرآنی تعلیمات کے مطابق ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن کی عینی تفسیر اور تشریح کے لئے ہمیں انسان کامل کی ضرورت ہے، تاکہ قرآن کی تفسیر اور تشریح میں اختلاف نہ ہوسکے اور یہ شک و شبہ سے بلند ہو۔ ڈاکٹر احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ انسان کامل کے بغیر قرآن پاک کی تفسیر و تشریح اختلاف کا شکار ہو جائے گی، جیسا کہ 1400 سال سے اس میں اختلاف پائے جا رہے ہیں۔ احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ قرآن و انسان کامل ہر دو ایک ہی ہیں، امام اور انسان کامل قرآن کی عینیت ہیں۔ انسان کامل اپنے بیان کے ذریعے قرآن پاک کو عینت عطا کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج تہران میں اسلامی ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ہونے والے پہلے حفظ قرآن کریم و قرائت کے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایرانی صدر کا خداوند تعالٰی کی نگاہ میں قرآن کا مقام بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام حقائق قرآن میں پوشیدہ ہیں، قرآن پاک اس جہان کی عظیم ترین اور شریف ترین کتاب ہے۔ قرآن پاک خداوند عظیم و حکیم کی طرف سے ہے، اسی وجہ سے قرآن سرتاسر علم و حکمت ہے، قرآن حکمت مطلق ہے، عزت مطلق ہے اور سرتاسر علم و معرفت ہے، قرآن کا مقام بہت رفیع اور بلند ہے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ قرآن ایسی کتاب ہے، جس کی حفاظت کرنے والا خداوند ہے، قرآن کی شان اس قدر بلند ہے کہ خداوند تعالٰی نے اس کی حفاظت کا ذمہ خود اٹھایا ہے۔ 

اپنی تقریر کے ایک حصے میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت جھوٹ اور فریب کی بنیاد پر مسلمانوں کی سرزمین کے ایک حصے پر قابض ہو جاتی ہے اور مسلمان اس جعلی حکومت کے مقابلے کے لئے اختلاف کا شکار ہو جاتے ہیں، اور ہر کوئی اپنے عمل کی توجیہی کرنے کے لئے قرآن کی مختلف تعبیروں سے تمسک کرتا ہے۔ ڈاکٹر محمود احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ پیغمبر گرامی جن کے قلب پر براہ راست قرآن کریم نازل ہوا تھا، ان کے بعد ایسے انسان کامل ہونے چاہیئے جو قرآن کی تفسیر و تشریح کا بیڑا اٹھائیں، کیونکہ انسان ناقص اپنی ناقص تفسیر اور تشریح سے ہمیں اختلاف میں مبتلا کر دے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں وحدت کی ضرورت ہے، لیکن یہ وحدت کس طرح حاصل ہو۔ حبل اللہ کیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر صرف قرآن حبل اللہ ہوتا تو آج مومنین اور مسلمان اختلاف اور تفرقے کا شکار نہ ہوتے، لیکن اس کا خدانخواستہ یہ معنی نہیں ہے کہ قرآن پاک ناقص ہے بلکہ ہمیں قرآن پاک کے عینی وجود کی ضرورت ہے۔ ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ بحث کسی گروہ، قبیلہ یا طایفے کے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ قرآن سے متعلق بحث ہے، کمال سے متعلق بحث ہے اور انسان کامل بھی کسی گروہ، قبیلہ اور طائفہ سے متعلق نہیں بلکہ تمام بشریت سے مربوط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گروہ، قبیلے اور طائفے کی بحث بھی حبل اللہ کے پر اعتقاد نہ ہونے کی وجہ سے ہے۔

ایرانی صدر نے سوال کیا کہ کس طرح ایک مسلمان اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر دوسرے مسلمان کو قتل کر رہا ہے۔؟ پیامبر گرامی نے کہاں ناحق کسی مسلمان کو قتل کرنے کی اجازت دی ہے؟ وہ جو قتل کر رہا ہے وہ بھی قرآن کی تلاوت کر رہا ہے اور جو قتل ہو رہا ہے وہ بھی قرآن کی تلاوت کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں بحث قرآن سے متعلق ہے، طائفے اور قبیلے سے متعلق بحث نہیں ہے۔ احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ قبیلے اور طائفے کی تقسیم شیطان کی طرف سے ہے۔ پیامبر گرامی اسلام سب کے لئے ہیں۔ انسان کامل پورے بشریت کے لئے ہے، نہ فقط مسلمانوں کے لئے بلکہ بدھ مت، عیسائی اور یہودیوں کے لئے بھی ہے۔ ایرانی صدر نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عزیزان من، قرآن کی شناخت امام کے بغیر محال ہے، اور اس عقیدے کا کسی خاص گروہ سے کوئی ربط نہیں ہے، شیعہ اور سنی کی تقسیم شیطانی کام ہے، قرآن ایک ہے، نبی ایک ہے، خدا ایک ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت پر تاکید کی ہے۔ ایران کے صدر نے آج تھران میں اسلامی ممالک کی مسلح افواج کے قرآن مجید کے پہلے بین الاقوامی مقابلوں کی اختتامی تقریب میں جشن عید میلاد النبی (ص) اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے دنیا کے تمام مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت کی تقویت کی ضرورت پر تاکید کی اور کہا کہ مسلمانوں کے درمیان شیعہ و سنی کی بحث کا چھیڑا جانا تفرقہ پیدا کرنے کے لئے دشمنان اسلام کی سازشوں کا حصہ ہے۔ 
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ تمام نسلی، قومی اور قبائلی بحثیں دشمنان اسلام کی طرف سے سامنے آتی ہیں اور قرآن اور پیغمبر اکرم (ص) تمام مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت منجملہ تمام ادیان الہی سے متعلق ہیں۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ ناقص انسانوں کی جانب سے قرآن کی نادرست اور مختلف تفاسیر کا بیان کیا جانا بے پناہ مسائل و مشکلات کے پیدا ہونے کا باعث بنا ہے۔  احمدی نژاد نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران تمام انسانیت کے لئے خیرو صلاح، عزت و احترام اور عدل وانصاف کا خواہاں ہے اور ایران کے اسلامی انقلاب کا پیغام بھی اسلام، قرآن اور انسان کامل بننے کی طرف دعوت دینا تھی۔


خبر کا کوڈ: 234370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/234370/شیعہ-اور-سنی-کی-تقسیم-شیطانی-طرز-عمل-ہے-احمدی-نژاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org