0
Sunday 27 Jan 2013 00:23
شام کا مسئلہ صرف مذاکرات سے حل ہونا چاہیے

علاقے میں پیٹریاٹ میزائل سیسٹم کی تنصیب غلط فہمیوں کا باعث بنے گی، ایرانی وزیر دفاع

علاقے میں پیٹریاٹ میزائل سیسٹم کی تنصیب غلط فہمیوں کا باعث بنے گی، ایرانی وزیر دفاع
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر دفاع جنرل احمد وحیدی نے کہا کہ ہم ترکی میں پیٹریاٹ میزائل سیسٹم کی تنصیب کو مفید نہیں سمجھتے کیونکہ یہ خطے کے ممالک کے درمیاں غلط فہمیوں کا باعث بنے گا۔ تہران میں اسلامی ممالک کی مسلح افواج کے درمیان حفظ قرآن کریم و قرائت کے مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی مثبت اقدام نہیں ہے اور ان افواج کی موجودگی سے اس علاقے کو کوئی فائدہ نہیں، بلکہ ان کی موجودگی مختلف ممالک کے درمیان غلط فہمیاں ایجاد کرنے کا باعث بن رہی ہیں۔

شام میں جاری بحران کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ شام کے جاری بحران کے بارے میں اسلامی جمہوری ایران کا موقف بڑا شفاف ہے، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں اسرائیل کے خلاف خط مقدم پر موجود شامی فوج کو کمزور نہیں ہونا چاہیئے۔ ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شام کے بحران کو صرف قومی مذاکرات اور داخلی طور پر حل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شام میں غیر ملکی طاقتوں کی مداخلت مضر ہے۔ ادھر ایران نے شام پر کئے جانے والے حملے کی صورت میں خبردار کیا ہے کہ شام پر حملہ ایران پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے مشیر کا کہنا ہے کہ شام کا خطے میں دفاعی پالیسیوں کے فروغ میں بنیادی کر دار ہے۔ اس لئے ایران اور اس کے اتحادی شام پر حملے کو خود پر حملہ تصور کریں گے۔ ایران، شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت کا بڑا حامی ہے۔
  
دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل احمد وحیدی نے اسلامی ممالک کی افواج پر مبنی اسلامی فوج بنانے کی تجویز دی ہے، تاکہ کمزور ملکوں کا دفاع کیا جاسکے۔ اسلامی ملکوں کی فوج کے قرآن کے حافظوں اور قاریوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع احمد واحدی نے کہا کہ فلسطین کی حفاظت اسلامی ملکوں کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا مسلم ممالک کے تعاون سے جارح کے خلاف ڈٹ جانا ایران کی پہلی ترجیح ہے۔ مسلمان ملکوں کو اتنا مضبوط ہونا چاہیئے کہ دوسرے جارحیت سے پہلے سوچیں۔ انہوں نے کہا شام میں غیر ملکی مداخلت کے خلاف ہیں، شام کا مسئلہ صرف مذاکرات سے حل کرنا چاہیئے۔ وزیر دفاع احمد واحدی نے کہا عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی وجہ سے انہیں مسائل کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 234943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش