0
Sunday 27 Jan 2013 10:50

عالمی برادری کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرے، بازل نقوی

عالمی برادری کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرے، بازل نقوی
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات سید بازل نقوی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت اپنی روائتی ہٹ دھرمی کو ترک کرے اور پاکستان کے مثبت اقدامات کا جواب دے۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں کشیدگی کا ماحول قائم رہے گا۔ وزیراطلاعات نے ان خیالات کا اظہار بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اقوام متحدہ کے دفترمیں احتجاجی مراسلہ پیش کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ ہے اور اس مسئلے کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک اس مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بامعنی اقدامات نہیں کیے جاتے تب تک ہندو پاک سمیت خطے میں سیاسی بے چینی اور غیر یقینی صورتحال قائم رہے گی۔ 

انھوں نے کہا کہ اس نہایت ہی نازک موقع پر بھارت نے جنگی جنون کو ہوا دینے کی کوشش کی جس سے ایک مرتبہ پھر خطے کی صورتحال خراب ہوئی۔ انھوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری عوام کے قتل عام کی بھی تحقیقات کرائے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات کے ہمراہ ہزاروں افراد کی احتجاجی ریلی نے اقوام متحدہ کے دفتر میں احتجاجی مراسلہ پیش کیا۔ مظاہرین نے آزاد کے حق اور بھارت کے خلاف زبردست نعرہ بازی بھی کی۔ انھوں نے کہاکہ کشمیری اپنا پیدائشی حق حق خودارادیت مانگ رہے ہیں اور یہ حق انہیں اقوام متحدہ نے دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے رکن ممالک خصوصا ویٹو پاور کے حامل اراکین اور پانچ بڑی ایٹمی قوتیں اس بات کا سختی سے نوٹس لیں کے بھارت صرف حق خودارادیت مانگنے والے نہتے کشمیریوں پر مظالم کیوں ڈھا رہا ہے۔ بھارت نے کشمیر میں 8 لاکھ فوج جھونک کر کشمیریوں کی سیاسی، مذہبی اور سماجی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے جو دنیا کے کسی مہذب معاشرہ میں ناقابل برداشت ہے۔
خبر کا کوڈ : 235061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش