QR CodeQR Code

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا ن لیگ کے دھرنے میں شرکت کا اعلان

27 Jan 2013 20:47

اسلام ٹائمز: مسلم لیگ ن کے گذشتہ روز لاہور میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں مضبوط الیکشن کمیشن کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے اور الیکشن کمیشن تک لانگ مارچ کا فیصلہ کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے اتوار کو جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور انہیں (ن) لیگ کے اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جس پر انہوں نے دھرنے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی کی خراب صورتحال اور لاقانونیت میں حکومت برابر کی حصہ دار ہے۔ کراچی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کرائی جائے۔ اپوزیشن لیڈر نے نگران سیٹ اپ کے قیام سے متعلق وفاقی اور صوبائی سطح پر جماعت اسلامی سے نام بھی مانگ لئے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی (ن) لیگ کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

ن لیگی قیادت نے سندھی قوم پرست رہنما ایاز لطیف پلیجو کو بھی دھرنے میں شرکت کی دعوت دے دی۔ مسلم لیگ ن کے گذشتہ روز لاہور میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں مضبوط الیکشن کمیشن کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے اور الیکشن کمیشن تک لانگ مارچ کا فیصلہ کیا گیا، سب سے پہلے جماعتِ اسلامی نے مسلم لیگ ن کے دھرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے شرکت کا اعلان کیا، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کو ٹیلیفون کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی الیکشن کمیشن کی مضبوطی کیلئے کسی بھی دھرنے میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بغیر مشاورت کسی کو نگران وزیراعظم بنانے کیخلاف بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف نے بھی مسلم لیگ ن کی جانب سے اسلام میں دھرنے میں شرکت کااعلان کردیاہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن کی مضبوطی کیلئے جو بھی دھرنا دے گا، ہم شریک ہوں گے، اس سے کوئی غرض نہیں کہ دھرنے کی قیادت کون کر رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے اپنی پارٹی سے بھی نام دیں گے، اگر مشاورت کے بغیر کسی کو نگراں وزیراعظم بنایا گیا تو ملک گیر احتجاج کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 235219

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/235219/جماعت-اسلامی-اور-تحریک-انصاف-کا-ن-لیگ-کے-دھرنے-میں-شرکت-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org