QR CodeQR Code

عطاء آباد جھیل میں کشتی سروس بند ہونے سے گوجال جانے والے سینکڑوں مسافر پھنس گئے

29 Jan 2013 10:15

اسلام ٹائمز: سوست کے سماجی رہنما گلشیر خان نے میڈیا کو بتایا کہ عطاء آباد جھیل کے دونوں اطراف میں سینکڑوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں جن کے مسائل فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عطاء آباد جھیل میں کشتی سروس بند ہونے کی وجہ سے گوجال جانے والے سینکڑوں مسافر ہنزہ میں پھنس گئے ہیں۔ اس موقع پر سوست کے سماجی رہنما گلشیر خان نے بتایا ہے کہ جھیل کی دوسری طرف صحت کے سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، عطاء آباد جھیل میں برف جم چکی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف کشتی سروس معطل ہے بلکہ رافٹ بھی نہیں چل رہی ہے اور جھیل کے دونوں اطراف میں سینکڑوں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی آباد ہنزہ میں سینکڑوں افراد جن میں بوڑھے بچے اور خواتین شامل ہیں گزشتہ ایک ہفتے سے کشتی سروس بحال ہونے کا انتظار کر رہے ہیں اور ان میں سے اکثر ایسے بھی ہیں جن کے مالی حالات بہت خراب ہوچکے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ہنزہ میں موجود گوجال کے مسافروں کے لئے سرکاری طور پر رہائش فراہم کی جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عطاء آباد جھیل میں برف پگھلنے اور کشتی سروس بحال ہونے تک مسافروں کے لئے ہیلی کاپٹر سروس فراہم کی جائے تاکہ گوجال کے عوام کو درپیش مسائل وقتی طور پر حل ہو سکیں۔


خبر کا کوڈ: 235504

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/235504/عطاء-آباد-جھیل-میں-کشتی-سروس-بند-ہونے-سے-گوجال-جانے-والے-سینکڑوں-مسافر-پھنس-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org