0
Tuesday 29 Jan 2013 01:41

نگراں سیٹ اپ پر دفاع پاکستان کونسل کو بھی اعتماد میں لیا جائے، مولانا سمیع الحق

نگراں سیٹ اپ پر دفاع پاکستان کونسل کو بھی اعتماد میں لیا جائے، مولانا سمیع الحق
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کونسل عوام کی نمائندہ جماعتوں کا اتحاد ہے۔ وزیراعظم سمیت نگران سیٹ اپ میں ہم سے بھی مشورہ کیا اور اعتماد میں لیا جائے۔ دو قومی نظریے اور پاکستان کی بنیاد کے مخالف کسی شخص کو نگران وزیراعظم بنایا گیا تو سخت مزاحمت کریں گے۔ دفاع پاکستان کونسل کراچی سمیت پورے ملک میں امن وامان دیکھنا چاہتی ہے۔ قیام امن کے لیے ہم نے کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس کی لیکن الطاف حسین نے کانفرنس میں شامل قائدین کے خلاف نازیبا اور گالم گلوچ کی زبان استعمال کی، شاید ہماری امن کی خواہش الطاف حسین کے ایجنڈے سے متصادم ہے۔ 3 مارچ کو کراچی میں امن مارچ کریں گے۔ ہم کسی کی خواہش پر کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔ الطاف حسین کراچی میں امن کے قیام اور ملکی استحکام کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔

مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ قوم 5 فروری کو کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منائے۔ دفاع پاکستان کونسل 4 فروری کو مظفر آباد میں آزادئ کشمیر کے لیے ’’یکجہتی کشمیر‘‘ اور 5 فروری کو لاہور میں نیلا گنبد تا مسجد شہداء مارچ اور جلسہ عام منعقد کرے گی۔ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے، اس سے بھلائی کی توقع رکھنا اور دوست سمجھنا بدترین دھوکہ ہے، جو امریکی اشارے پر حکمران قوم کو دے رہے ہیں۔ حکمرانوں نے غلامانہ روش نہ بدلی تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ہونے والے دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس کے بعد امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن، جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید، اہلسنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی، لیاقت بلوچ، جنرل (ر) حمید گل، مولانا طاہر اشرفی، سردار عتیق احمد خان و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکمرانوں کی بزدلی نے بھارت کو شیر بنا دیا ہے اور اسے پاکستان پر حملہ کرنے اور بارڈر پر کارروائیوں کا موقع مل رہا ہے۔ ہم نے بارہا حکمرانوں کو سمجھانے اور بھارت کا خونخوار چہرہ دکھانے کی کوشش کی، لیکن حکمرانوں نے ہماری کسی بات پر دھیان نہیں دیا اور بھارتی وزیر داخلہ اور سیکرٹری خارجہ کے بیانات نے ہمارے خدشات کی تصدیق کر دی ہے لیکن بھارتی وزیر داخلہ کے انکشافات اور ہندو انتہا پسندی کا پردہ چاک کرنے کے باوجود ہمارے حکمران ہٹ دھرمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ بھارت کو خواب میں بھی حافظ محمد سعید نظر آتے ہیں۔ وہ ہزاروں لوگوں کے لانگ مارچ میں ہمارے ساتھ واہگہ بارڈر تک گئے لیکن بھارت نے رٹ لگا رکھی ہے کہ وہ بارڈر پر آ کر کارروائیاں کرواتے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں 60 پاکستانی مسلمانوں کو زندہ جلایا گیا، آئے روز بھارت میں ہندو انتہا پسند مسلمانوں کا قتل عام کرتے ہیں، بھارت کے دو وزراء کے بھارت میں دہشتگرد تنظیموں کے اقرار کے باوجود ہماری وزیر خارجہ کہتی ہیں ’’یہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے‘‘ انہو ں نے کہا کہ ہمارے حکمران بھارت کے ظلم و زیادتی کے باوجود اسے موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دینے کے لیے بےتاب ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

مولانا سمیع الحق نے کہاکہ اگر امریکہ خطے میں امن چاہتا ہے اور واقعی اپنے دعوے میں سچاہے تو فوراً خطے سے نکل جائے اور ڈرون حملے بند کر دے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے پور ی دنیا میں جنگ کی پالیسی واپس لے لی ہے لیکن اوباما نے پاکستان پر ڈرون حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ امریکی موجودگی ہی دراصل خطے میں بدامنی اور دہشتگردی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کسی اندرونی یا بیرونی سازش کے ذریعے انتخابات کو ملتوی کرنے کا موقع نہیں دے گی۔ ملکی استحکام کے لیے انتخابات کا بروقت اور صاف و شفاف ہونا ضروری ہے۔ اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کسی متنازعہ، مخدوش شخصیت والے اور دو قومی نظریہ کے مخالف عبوری وزیراعظم کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ اگر حکومت ایم کیو ایم، اے این پی اور عوامی تحریک جیسی پارٹیوں سے عبوری سیٹ اپ پر مشاورت کر سکتی ہے تو 40 سے زائد قومی جماعتوں کے اتحاد دفاع پاکستان کونسل سے کیوں مشورہ نہیں کرتی۔
خبر کا کوڈ : 235571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش