QR CodeQR Code

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کسی کا بھی دباؤ قبول نہیں کیا جائیگا، قمر زمان کائرہ

30 Jan 2013 22:21

اسلام ٹائمز: میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نگراں سیٹ اپ پر اپوزیشن سے مشاورت کرنے کیلئے ٹیم نے کام شروع کر دیا ہے، جو دس روز میں مکمل کرلیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات قمر زماں کائرہ کا کہنا ہے کہ کابینہ نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ، وفاقی محتسب ریفارمز بل اور تجارتی پالیسی کی منظوری دی۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ اس پر کسی کا بھی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب ریفارمز بل کے ذریعے عوام کو انصاف کی جلد فراہمی کی سہولت میسر آئے گی۔ احتساب صرف چند افراد تک محدود نہیں ہوگا بلکہ تمام سرکاری ادارے جوابدہ ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں محتسب کے گیارہ مختلف دفاتر کو فعال بنایا جائے گا۔ ہر ادارہ پندرہ روز میں وفاقی محتسب کو جواب دینے کا پابند ہوگا۔
ایک سوال پر قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ گوادر پورٹ کو پورٹ آف سنگاپور کے حوالے کیا گیا تھا، تاہم کام مقررہ وقت میں مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اب چائنہ اوورسیز ہولڈنگ اتھارٹی بھی گوادر پورٹ کو آپریشنل کرنے میں کردار ادا کرے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن میں ہوں۔ ن لیگ چاہتی ہے کہ صرف انہی کی سنی جائے، تاہم جمہوریت میں اکثریت فیصلہ کرتی ہے۔ کوشش ہے کہ دس روز میں نگراں سیٹ پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی جائے۔


خبر کا کوڈ: 235981

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/235981/پاک-ایران-گیس-پائپ-لائن-منصوبے-پر-کسی-کا-بھی-دباؤ-قبول-نہیں-کیا-جائیگا-قمر-زمان-کائرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org