0
Friday 1 Feb 2013 13:26

ایرانی قوم قاضی حسین احمد کو اپنے رہبروں میں شمار کرتی ہے، علی اکبر ولایتی

ایرانی قوم قاضی حسین احمد کو اپنے رہبروں میں شمار کرتی ہے، علی اکبر ولایتی
اسلام ٹائمز۔ قاضی حسین احمد امت مسلمہ کے اتحاد کے سب سے بڑے داعی تھے۔ انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے درمیان غلط فہمیوں اور آپس کی شکر رنجیوں کو دور کرنے کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دیں۔ ایرانی قوم قاضی حسین احمد کو اپنے رہبروں میں شمار کرتی ہے، ہم پاکستانی قوم، جماعت اسلامی اور قاضی حسین احمد کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر ولائتی نے اپنے وفد کے ہمراہ منصورہ میں لیاقت بلوچ، جماعت اسلامی کے قائدین اور قاضی حسین احمد کے صاحبزادے آصف لقمان قاضی سے قاضی حسین احمد کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں علی اکبر ولائتی، علی رضا حقیقیان، ڈاکٹر عباس فاموری، محمد حسین بنی اسدی و دیگر رہنما بھی شامل تھے۔

علی اکبر ولایتی نے کہا کہ قاضی حسین احمد صحیح معنوں میں مولانا سید ابوالاعلٰی مودودی کے جانشین تھے۔ ہماری ان سے 25 سالہ رفاقت تھی، انہوں نے دنیا میں تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ افغانستان پر جب روس نے حملہ کیا تو سب سے پہلے قاضی حسین احمد نے اس کے خلاف آواز اٹھائی۔ میری ان سے آخری ملاقات تہران میں ہونے والی اسلامی بیداری کانفرنس میں ہوئی، جہاں انہوں نے اپنے خطاب میں امت مسلمہ کے اتحاد اور باہمی تنازعات اور شکر رنجیوں کو باہمی گفتگو سے حل کرنے پر زور دیا اور عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی بات کی۔

قبل ازیں منصورہ پہنچنے پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر چوہدری محمد اسلم سلیمی، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر عبدالغفار عزیز، ظفربلوچ، مولانا عبدالمالک، حافظ محمد ادریس، سیکرٹری اطلاعات محمد انور نیازی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایران امت مسلمہ کا ایک باوقار اور پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے، جس کے ساتھ ہمارے پرانے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستانی اور ایرانی قوم اسلام کے اخوت و محبت کے لازوال رشتے میں بندھی ہوئی ہے اور ہم ایک دوسرے کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتے ہیں۔ 
ایران میں امام انقلاب امام خمینی کے انقلاب کے وقت کچھ لوگوں نے پاکستان میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی، جس کی قاضی حسین احمد نے سختی سے مخالفت کی اور ایران کے انقلاب کے بارے میں بڑا واضح اور دوٹوک موقف اختیار کیا، جس کی بنا پر قاضی حسین احمد اور جماعت اسلامی کو کچھ لوگوں کی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان چوہدری محمد اسلم سلیمی اور حافظ محمد ادریس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 236318
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش