0
Friday 1 Feb 2013 16:25

بلوچستان، جے یو آئی (ف) کی کال پر گورنر راج کیخلاف زبردستی ہڑتال کرانے والے درجنوں افراد گرفتار

بلوچستان، جے یو آئی (ف) کی کال پر گورنر راج کیخلاف زبردستی ہڑتال کرانے والے درجنوں افراد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے خلاف جمعیت علماء اسلام (ف) اور بی این پی عوامی کی کال پر کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں جزوی ہڑتال جاری ہے۔ پولیس نے زبردستی ہڑتال کرانے والے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا۔ بلوچستان میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے 14 جنوری کو بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی حکومت کے اس آئینی اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے جے یو آئی (ف) اور بی این پی مینگل نے احتجاجا ً آج کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی ہے۔ 

کوئٹہ میں خروٹ آباد، نواں کلی، کاسی روڈ، میکانگی روڈ، سریاب روڈ، مشرقی بائی پاس اور سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقوں میں ٹریفک بند ہے۔ کئی مقامات پر مظاہرین نے ٹائر بھی جلائے ہیں۔ تاہم شہر کے باقی علاقوں میں رکشا ٹیکسی، موٹر سائیکل اور ذاتی گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔ دوسری جانب ہڑتال کی وجہ سے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔ امن و امان کے پیش نظر ریلوے حکام نے کوئٹہ سے چمن جانے والی پسنجر ٹرین منسوخ کر دی۔ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ ان کی ہڑتال پرامن ہے جبکہ تاجروں اور عوام نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنڈے کے زور پر دکانیں بند کرائی جا رہی ہیں۔ زبردستی ہڑتال کرانے کے الزام میں کئی علاقوں میں پولیس نے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے شہر میں پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 236454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش