0
Saturday 2 Feb 2013 17:32

ملتان، ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی مشترکہ میلاد مصطفی (ص) موٹر سائیکل ریلی

ملتان، ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی مشترکہ میلاد مصطفی (ص) موٹر سائیکل ریلی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ملتان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے زیراہتمام 12تا 17ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جامع مسجد الحسین (ع)نیوملتان سے چوک نواں شہرتک میلاد مصطفی (ص)موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا عمران ظفر، مخدوم طارق عباس شمسی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر تہور حیدری جواد رضا جعفری، سید قمر عباس زیدی اور محمد رضانقوی نے کی۔ ریلی گلشن مارکیٹ، مدنی چوک، چوک قذافی، معصوم شاہ روڈ، دولت گیٹ، حسین آگاہی، گھنٹہ گھر سے ہوتی ہوئی چوک نواں شہر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے سبز جھنڈے اُٹھا رکھے تھے جبکہ مسلسل مائیک سے نعتیں اور ترانے چلتے رہے۔ مختلف علماء کرام نے راستوں میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔ ریلی کے شرکاء نے لبیک یارسول اللہ(ص)، غلام ہیں غلام ہیں رسول (ص)کے ہیں، غلامی رسول (ص)میں موت بھی قبول ہے۔ جو ہو نہ عشق مصطفی (ص)تو زندگی فضول ہے۔ اس موقع پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ 

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہناتھا کہ رسول اکرم (ص)کی ذات اقدس ایسا نقطہ اشتراک ہے جس پر تمام عالم اسلام متفق ہے۔ رسول اکرم (ص)کی ذات اقدس کے تمام پہلو انسانی زندگی کے عین مطابق ہیں اگر عالم اسلام چاہتا ہے کہ وہ اس عالم مین باعزت اور باوقار زندگی بسر کرے تو اُسے رسول خدا (ص)کی اُسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونا پڑے گا۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ اس وقت جس طرح عالم کفر اسلام کے خلاف متحد ہوچکا ہےاسی طرح مسلمان حکمرانوں اور رہنمائوں کو چاہیے کہ وہ بھی عالم کفر کا مقابلہ کرنے کے لیے باہم متحد ہوجائیں تاکہ کفر کے اس قلع کو توڑا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ گستاخ رسول(ص) ہے جس نے رسول خدا (ص)کی شان میں توہین کی۔ ہمارا اتحاد ہی دشمن کی موت ثابت ہوگا۔ علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ میلاد کی اس ریلی میں شیعہ سنی وحدت خطے کی عظیم مثال ہے، اور انشاء اللہ وحدت کا یہ سفر جاری وساری رہے گا۔ مسلمانوں کو چاہیے وہ اپنے اندر چھپے میر صادق اور میر جعفرکوپہچانیں جن کی وجہ سے پوری دنیا میں اسلام اور ملک کا نام خراب ہورہا ہے۔ ریلی سے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، آئی ایس او کے جنرل سیکرٹری جواد حیدر، مرزا وجاہت علی اور دیگر نے خطاب کیا۔ ریلی کا اختتام دعائے وحدت سے کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 236681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش