QR CodeQR Code

بارود والوں نے ملک تباہ کر دیا اب درود والے بچائیں گے،فضل کریم

4 Feb 2013 22:43

اسلام ٹائمز:سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت و وحشت کا بازار گرم ہے، بے گناہ انسان گاجر مولی کی طرح کٹ رہے ہیں، کراچی کے شہری اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتے اٹھاتے نڈھال اور بدحال ہو چکے ہیں،


اسلام ٹائمز۔ مرکزی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ حکام کو اقتدار اور عوام کو روٹی اور روزگار کی فکر ہے، بارود والوں نے ملک تباہ کر دیا ہے اب درود والے ملک بچائیں گے، سیاست بذریعہ دولت اور دولت بذریعہ سیاست کا فارمولہ دفن کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اب اسمبلیوں میں وہی پہنچے گا جو 62، 63 پر پورا اترے گا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستانی سیاست منافقت، نحوست اور خباثت کی زد میں ہے، پنجاب میں ڈاکٹروں کی بے حسی اور حکومت کی ہٹ دھرمی کی سزا غریب مریض بھگت رہے ہیں، پنجاب کے حکمرانوں کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر ڈاکٹرز کا مسئلہ حل کرنا چاہیے تاکہ مریضوں کی مشکلات کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دھن، دھونس اور دھاندلی سے الیکشن جیتنے والوں کے خواب پورے نہیں ہونے دیں گے، سیاسی جماعتوں نے خاندانی اور موروثی جائیدادوں کی صورت اختیار کر لی ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت و وحشت کا بازار گرم ہے، بے گناہ انسان گاجر مولی کی طرح کٹ رہے ہیں، کراچی کے شہری اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتے اٹھاتے نڈھال اور بدحال ہو چکے ہیں،عوام کی بے بسی اور حکمرانوں کی بے حسی سرخ نشان تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے، حکومت اپنے خرچے پورے کرنے کے لیے شیڈولڈ بینکوں سے تقریباً چار ارب روپے یومیہ قرض لے رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی بے یقینی برقرار رہی تو معیشت سیاست کی دلدل میں غرق ہو جائے گی، پاکستانی معیشت کو شدید چیلنجوں کا سامنا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کو آئین کا حصہ بنائے بغیر منصفانہ انتخابات کا خواب پورا نہیں ہو سکتا کیونکہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے تحت الیکشن کمیشن کے پاس ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے کسی امیدوار کو سزا دینے کا اختیار نہیں۔


خبر کا کوڈ: 237175

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/237175/بارود-والوں-نے-ملک-تباہ-کر-دیا-اب-درود-والے-بچائیں-گے-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org