QR CodeQR Code

علماء و مشائخ ظلم اور جرم کی مزاحمت کریں، علامہ عرفان مشہدی

4 Feb 2013 22:52

اسلام ٹائمز:مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کے ناظم اعلیٰ کا کہنا ہے کہ نمازِ جمعہ پڑھ کر مسجد سے نکلنے والوں پر حملہ کرنیوالے مسلمان نہیں ہو سکتے، خودکش دھماکے کرنیوالے اسلام دشمن طاقتوں کے ہاتھوں استعمال ہو کر اسلام اور پاکستان کوبدنام کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد عرفان مشہدی نے کہا ہے کہ علماء قتل ناحق کے خلاف زوردار آواز اٹھائیں اور انسانی جان کی حرمت کو اجاگر کریں تاکہ ملک میں قتل و غارت گری کا راستہ روکا جا سکے، اسلام ایک بے گناہ شخص کے قتل کو ساری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیتا ہے، بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے بدترین مجرم ہیں، ان سفاک اور بے رحم قاتلوں کے خلاف پوری قوم متحد ہو جائے۔

مرکزی جماعت اہلسنّت پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ ظلم اور جرم کی مزاحمت کریں اور ملک میں انقلابِ نظامِ مصطفی برپا کرنے کی جدوجہد تیزتر کر دیں۔ انہوں نے ملک میں قتل و غارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ افراد کی شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازِ جمعہ پڑھ کر مسجد سے نکلنے والوں پر حملہ کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، خودکش دھماکے کرنے والے اسلام دشمن طاقتوں کے ہاتھوں استعمال ہو کر اسلام اور پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانا جہاد نہیں فساد ہے، دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ دہشت گرد پاکستان کے امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں اور بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی وجہ سے پوری قوم عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو کر اٹھ کھڑا ہونا چاہئے اور اپنی صفوں میں موجود ان شرپسندوں کو نشاندہی کرنا ہو گی ورنہ یہ کل ہمیں بھی اپنا نشانہ بنا لیں گے۔


خبر کا کوڈ: 237176

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/237176/علماء-مشائخ-ظلم-اور-جرم-کی-مزاحمت-کریں-علامہ-عرفان-مشہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org