0
Tuesday 5 Feb 2013 19:56

کراچی، حکومت تاجر برادری کو فی الفور تحفظ فراہم کرے، شیخ حبیب

کراچی، حکومت تاجر برادری کو فی الفور تحفظ فراہم کرے، شیخ حبیب
اسلام ٹائمز۔ سندھ تاجر اتحاد کے صدر اور آل کورنگی لانڈھی ایسوسی ایشن کے صدر شیخ حبیب نے کہا ہے کہ کراچی کے تاجر اور عوام عدم تحفظ  کا شکار ہیں اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ معیشت کے حب کراچی میں تاجر جو ٹیکس ادا کرتے ہیں اس سے یہ ملک چلتا ہے اور قانون نافذ کرنے والوں کی تنخواہ بھی اسی ٹیکس سے ادا ہوتی ہے مگر حکومت کی بے حسی کے باعث تاجر اب خود کو تنہا محسوس کرنے لگے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ شہر قتل و غارت، بد امنی اور لوٹ مار کی ایسی آگ میں جل رہا ہے جس کی تپش حکمرانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وی آئی پی شخصیات کے علاوہ سب ہی محسوس کرسکتے ہیں۔ کراچی میں قتل و غارت کا اٹھارہ سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔ 2012ء میں دو ہزار سے زائد افراد کو بے دردی سے کراچی کی سڑکوں پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ موجودہ حکومت کے پانچ سالہ دور میں مجموعی طور پر سات ہزار افراد کو قتل کیا گیا۔

شیخ حبیب نے کہا کہ نئے سال 2013ء کی آمد پر توقع تھی کہ نیا سال خوشیوں سے بھرپور ہوگا مگر دہشت گردوں، قاتلوں اور ٹارگٹ کلرز کی مستعدی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت اور عدم دلچسپی نے نئے سال کے پہلے مہینے کو بھی خون سے رنگ دیا اور کئی گھرانوں کے چراغ گل ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری میں ڈھائی سو سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی نے روشنیوں کے شہر کو تاریک کردیا ہے۔ تجارتی مراکز پر سناٹا چھایا رہتا ہے، حکومت تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ تاجروں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ شہر میں جاری بدامنی سے تاجر برادری ہی نہیں تاجر رہنماؤں میں بھی خوف کی فضا قائم ہو گئی ہے تاجروں کی آوازوں کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے والے تاجر رہنماؤں کو بھی ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ چند روز قبل تاجر رہنما محمد عرفان کو ٹارگٹ کیا گیا جن کے قاتل اب تک آزاد پھر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجر برادری کو فی الفور تحفظ فراہم کرے ورنہ تاجر برادری احتجاجی لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 237416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش