QR CodeQR Code

انقلاب اسلامی ایران کے بعد ایرانی صدر کا پہلا دورہ مصر، احمدی نژاد قاہرہ پہنچ گئے

5 Feb 2013 20:19

اسلام ٹائمز: ایرانی صدر کے قاہرہ پہنچنے پر مصری صدر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے 20 منٹ تک ون آن ون ملاقات کی۔ دوطرفہ روابط سمیت شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد، او آئی سی یعنی اسلامی تعاون تنظیم کے بارہویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے قاہرہ پہنچ گئے۔ قاہرہ پہنچنے پر مصر کے صدر محمد مرسی نے ان کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر احمدی نژاد نے قاہرہ روانگی سے قبل تہران میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ مصر کے صدر محمد مرسی کی دعوت پر انجام پا رہا ہے اور اس دورے کا اصل مقصد او آئی سی یعنی اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد یہ اسلامی جمہوریہ ایران کے کسی صدر کا پہلا دورہ قاہرہ ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بنیادی تبدیلی پیدا ہوسکتی ہے۔ صدر مملکت محمود احمدی نژاد اپنے دورہ مصر کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ مختلف اسلامی ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ 57 اسلامی ممالک پر مشتمل اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا بارہواں سربراہی اجلاس قاہرہ میں کل سے شروع ہوگا، جو 7 فروری تک جاری رہے گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔ گذشتہ چونتیس سالوں میں کسی بھی ایرانی صدر کا یہ پہلا دورہ مصر ہے۔ ایرانی صدر احمدی نژاد کے قاہرہ پہنچنے پر مصری صدر محمد مُرسی نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے 20 منٹ تک ون آن ون ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سمیت خاص طور پر شام کی صورت حال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ احمدی نژاد اپنے تین روزہ دورے کے دوران اسلامک تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ مصری حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 237425

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/237425/انقلاب-اسلامی-ایران-کے-بعد-ایرانی-صدر-کا-پہلا-دورہ-مصر-احمدی-نژاد-قاہرہ-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org