0
Tuesday 5 Feb 2013 22:03

لاہور میں مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

لاہور میں مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان بھر کی طرح لاہور میں بھی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے یوم کشمیر انتہائی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ لاہور میں مرکزی تقریب کا اہتمام جماعت الدعوۃ نے کیا۔ جماعت الدعوۃ کے زیراہتمام نیلا گنبد سے مسجد شہدا تک مال روڈ پر ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں، طالب علموں، سرکاری ونجی ملازمین اور دینی مدارس کے طلبہ نے شرکت کی۔

مسجد شہدا کے باہر شرکاء سے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید سمیت مرکزی رہنماؤں نے مختصر خطاب کیا جس میں انہوں نے بھارت کی ننگی جارحیت کی پر زور مذمت کی۔ حافظ سعید کا کہنا تھا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی کسی قرارداد مذمت سے نہیں بلکہ ہندو کی مرمت سے آزاد ہو گا، وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لاکھوں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور جو حکمران بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی کوشش کریں گے انہیں الیکشن میں شکست فاش ہو گی۔

حافظ سعید کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں ملوث ہے جس کا اعتراف بھارتی حکام خود کر چکے ہیں کہ بھارت میں دہشت گردی کے کیمپ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت الدعوۃ کشمیری بھائیوں کیساتھ ہے اور ہر طرح کی حمایت کرتی رہے گی۔ یوم کشمیر کی مناسبت سے مسلم لیگ ن کے زیراہتمام بھی پنجاب اسمبلی کے سامنے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں رہنماؤں نے کشمیری بھائیوں سے بھرپور انداز میں اظہار یک جہتی کیا۔

ادھر سنی تحریک کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ مسلم ٹاؤن میں آئی ایس او پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت آئی ایس او لاہور ڈویژن کے نائب صدر احسن علی راجہ نے کی۔ سیمینار سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے والے شہدائے کشمیر کے خون کا سودا کر رہے ہیں جس ہم کسی طور بھی نہیں ہونے دیں گے۔

مقررین نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ ہے اور انشاء اللہ بہت کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بن جائے گا کیوں کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اس کے بغیر پاکستان کی آزادی ادھوری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو امریکا علاقے میں تھانیدار بنانے کیلئے مصروف عمل ہے لیکن پاکستان کے غیور عوام بہادر مسلح افواج بھارتی تسلط برداشت نہیں کریں گے۔ طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر سارے کا سارا ہمارا ہے اور ہم اسے آزاد کرا کے ہی دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے جس کے لئے بھارت بھی کام کر رہا ہے اور اس حوالے سے پاکستانی حکومت کو بھارتی مداخلت کو بے نقاب کرنا چاہئے اور عالمی برادری کو متوجہ کیا جانا چاہئے کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام کی جانب سے دہشت گردی کے کیمپوں کی موجودگی کے اعتراف کے بعد عالمی برداری کی آنکھیں کھل جانی چاہئے تھیں لیکن مغربی دنیا اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو سانپ سونگھ گیا ہے اور کوئی بھی بھارت کی اس ننگی جارحیت پر نہیں بولا جس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت کے حوالے سے مغربی دنیا اور عالمی اداروں کو معیار دوہرا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام بھی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے کشمیریوں بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی بہت قریب ہے اب بھارت مزید کشمیریوں کو اپنے مظالم کے عتاب میں نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے عالمی اداروں کا دوہرا معیار افسوسناک ہے۔ تمام احتجاجی مظاہروں میں بھارت مردہ باد، کشمیر ہمارا ہے، سارے کا سارا ہے، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے جنگ رہے جیسے نعرے لگائے جاتے رہے۔
خبر کا کوڈ : 237454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش