0
Wednesday 6 Feb 2013 21:28

شام کے بحران کا فوری حل چاہتے ہیں، مسئلہ فلسطین کے عادلانہ حل کے بغیر امن و امان قائم نہیں ہوسکتا، محمد مرسی

شام کے بحران کا فوری حل چاہتے ہیں، مسئلہ فلسطین کے عادلانہ حل کے بغیر امن و امان قائم نہیں ہوسکتا، محمد مرسی
اسلام ٹائمز۔ مصر کے صدر محمد مرسی نے کہا ہے کہ شام سے لے کر فلسطین اور جہان اسلام کے دیگر نقاط میں لڑائی جھگڑے اور بحران موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم جہان اسلام کو درپیش ان چیلنجوں اور مسائل پر غلبہ پانے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ وہ آج مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں شروع ہونے والے او آئی سی کے بارہویں سربراہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ مصری صدر کی یہ تقریر اکثر عربی چینلز سے براہ راست دکھائی جا رہی تھی۔ محمد مرسی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط کو توسیع دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جہان اسلام میں موجود مذہبی اور قبائلی فتنوں سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

 مصری صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ سیاسی میدان میں ہمیں بہت زیادہ مشکلات اور چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین اس خطے کا سب سے بنیادی اور اہم مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو حل کئے بغیر خطے میں استحکام قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملت فلسطین کی حمایت کو مصر اپنا فرض سمجھتا ہے اور اس مسئلے کو عادلانہ طریقے سے حل کرنا چاہتا ہے، تاکہ مطلوبہ نتائج اور اہداف تک پہنچا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک فلسطینوں کو اپنے حقوق نہیں مل جاتے، اس وقت تک خطے میں امن  و امان کا قیام اور فلسطینی ریاست کی تشکیل ممکن نہیں ہے۔

شام کی صورت حال کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے مصری صدر کا کہنا تھا کہ مصر فوری طور پر شام کے بحران کو حل کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی گروہ اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ محمد مرسی کا کہنا تھا کہ ہم نے شام کے بحران کے حل کے لئے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔ مالی کی صورت حال پر اظہار نظر کرتے ہوئے مصری صدر کا کہنا تھا کہ ہم مالی کی سالمیت ارضی اور حق حاکمیت کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ مالی کے سیاسی بحران کا اساسی طور پر حل نکالا جانا چاہیئے۔ محمد مرسی نے میانمار کی صورتحال کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میانمار کی موجودہ صورت حال پر سکوت اختیار نہیں کیا جاسکتا اور روھینگا مسلمانوں کی حمایت کی جانی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میانمار کے مسلمانوں کے حقوق کا احترام اور ان کے حقوق کے حصول کو یقینی بنانا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 237679
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش