0
Thursday 7 Feb 2013 10:16

ایران، مصر اور ترکی کے درمیان ہونے والا سہ فریقی اجلاس بہت مثبت اور اہم تھا، احمدی نژاد

ایران، مصر اور ترکی کے درمیان ہونے والا سہ فریقی اجلاس بہت مثبت اور اہم تھا، احمدی نژاد
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد، مصر کے صدر محمد مرسی اور ترکی کے صدر عبداللہ گل کے مابین سہ فریقی مذاکرات مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقد ہوئے، جس میں شام کے بحران کے حل پر تاکید کی گئی۔ مذاکرات کے اختتام پر خبر نگاروں کے گفتگو میں ایرانی صدر نے شام کے بحران کا حل تلاش کرنے کیلئے ایران، مصر اور ترکی کے درمیان ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کو مثبت اور اہم قرار دیا ہے۔ فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران، مصر اور ترکی کے صدور کی موجودگی میں سہ فریقی مذاکرات اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوئے۔ او آئی سی کا دو روزہ بارہواں سربراہی اجلاس "عالم اسلام، نئے چیلنج اور ترقی کے مواقع" کے عنوان سے 6 فروری کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں شروع ہوا ہے۔ مسئلہ فلسطین، مقبوضہ فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر، شام اور مالی کا بحران، افغانستان اور صومالیہ کی صورت حال، شدت پسندی اور اسلام ستیزی سے مقابلہ اور جہان میں مسلم اقلیتوں کے مسائل اس دور روزہ اجلاس کے اہم موضوعات ہیں۔

ادھر قاہرہ میں بدھ کے روز اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس ہوا۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اوگلو نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے تنازعے کا حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکراتی عمل میں شامل ہوا ہے اور وہ دیرینہ تنازعات کے حل کے لئے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اوگلو نے تنظیم کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کی جائے گی، جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں توثیق کی گئی ہے۔

ترکی، سعودی عرب اور نائیجریا کے نمائندوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب نے اجلاس کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا۔ او آئی سی سربراہ اجلاس میں کشمیر، فلسطین اور امت مسلمہ کے دوسرے مسائل پر غور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس شروع ہونے پر شام کا بحران مرکزی موضوع تھا۔
خبر کا کوڈ : 237763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش