QR CodeQR Code

میلاد مصطفیٰ (ص) منعقد کرنے کے لئے پنجاب حکومت کے محتاج نہیں ہیں، مولانا مرزا یوسف حسین

7 Feb 2013 21:56

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین نے کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے آئندہ انتخابات میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو لاگو کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفی کے رہنما مولانا مرزا یوسف حسین نے کہا ہے کہ میلاد مصطفی (ص) کے لئے آئندہ کسی این او سی کے لئے درخواست نہیں دی جائے گی بلکہ عاشقانِ مصطفی (ص) بغیر این او سی میلاد مصطفی (ص) کانفرنس منعقد کریں گے۔ وہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا منور نقوی، مولانا علی افضال رضوی، مولانا بشیر نادری و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 3 فروری کو میلاد مصطفی (ص) کے لئے ہم نے راولپنڈی کی انتظامیہ کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے باقاعدہ درخواست دی تھی اور اس کا جواب ہمیں یکم فروری کو نفی کی صورت میں موصول ہوا۔ اس سے قبل مسلسل رابطوں کے باوجود انتظامیہ کے افسران ڈی سی او راولپنڈی اور سی پی او ہمیں ٹالتے رہے اور انہوں نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا، ہم نے یکم فروری کو اجتماع کے انعقاد کے لئے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی لیاقت باغ میں ہونے والے اجتماع میں فعال آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر عابد حسین کے خلاف حکومت پنجاب کی ایماء پر جو مقدمہ درج کیا گیا ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور پاکستان کی بیداری اور میدان میں حاضری کے ذریعے امریکا کو پاکستان سے نکال کر اس ملک کو حقیقی آزادی اور وحدت اسلامی کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور اس کے ساتھ ہی ہم ڈی سی او راولپنڈی اور سی پی او و دیگر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے آئندہ انتخابات میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو لاگو کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور طاہر القادری کے مقصد کو درست سمجھتے ہیں، یہ کسی طرح ممکن نہیں کہ ساڑھے 7 ارب ڈالر کے قرضے ہڑپ کر لئے جائیں اور امریکا کے سامنے 6 ارب ڈالر کے لئے ہاتھ پھیلایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 237922

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/237922/میلاد-مصطفی-ص-منعقد-کرنے-کے-لئے-پنجاب-حکومت-محتاج-نہیں-ہیں-مولانا-مرزا-یوسف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org