0
Friday 8 Feb 2013 04:48

ایم ڈبلیو ایم 15فروری کو ملتان میں سیاسی کنونشن منعقد کرے گی، علامہ اقتدار نقوی

ایم ڈبلیو ایم 15فروری کو ملتان میں سیاسی کنونشن منعقد کرے گی، علامہ اقتدار نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ہم ہر اُس محب وطن جماعت سے الائنس کرسکتے ہیں جو دہشت گردوں اور تکفیریوں کے خلاف ہمیں یقین دہانی کرائے گی۔ وحدت ہائوس ملتان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گلگشت میں ضلعی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی پنجاب میں اپنا موثر کردار اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مجلس وحدت مسلمین اپنے اُمیدوار کھڑے کرے گی اور بعض حلقوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہو سکتی ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کی کور کمیٹی کے اجلاس جاری ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف جماعتوں کے قائدین کی ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین 15فروری کو ملتان کے مقامی ہوٹل میں ملتان ڈویژن کی شیعہ سیاسی شخصیات جن میں کونسلر، ناظم، نائب ناظم، ممبر بلدیہ کونسل، ممبر ضلع کونسل، ممبر صوبائی اسمبلی، ممبر قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو بلا کر سیاسی کنونشن کر رہی ہے جس میں ڈویژن بھر کی اہم شخصیات شریک ہوکر ملت تشیع کے ساتھ ہونے والی محرومیوں کے ازالے کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل حتمی شکل دیں گیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کنونشن کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کنونشن کے بعد ڈویژن بھر کی سیاسی صورتحال مزید واضح ہو جائے گی اور جس کے بعد ڈویژن میں اپنے اُمیدوار کا اعلان بھی کیا جائیگا۔ 

اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے بہت کم عرصے میں اپنے وجود کو منوایا ہے جس کے بعد کوئی بھی حکومت ہمیں نظر انداز نہیں کر سکتی۔ اُنہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں اُس سیاسی جماعت کو سپورٹ کیا جا سکتا ہے جو دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہاپسندی کے خلاف اپنی پالیسی واضح کرے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، شبر رضا زیدی، سید عاصم رضا، مظفر حسین اور محمد رضا نقوی بھی موجود تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ کنونشن کے دعوتی کارڈز بہت جلد تقسیم کیے جائیں گے یہ کنونشن جنوبی پنجاب میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 237995
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش