0
Sunday 10 Feb 2013 14:53

وکلاء قتل، سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں عدالتی کام ٹھپ ہوگیا

وکلاء قتل، سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں عدالتی کام ٹھپ ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ کراچی، پشاور اور لاہور میں تین سینئر وکلاء کے قتل کے خلاف وکلاء کی جانب سے سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں عدالتی امور کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔ کراچی میں وکلاء نے احتجاج کرتے ہوئے ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیا جس کے باعث ایم اے جناح پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ مظاہرے میں وکلاء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے میں شامل وکلاء نے بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر وکلاء کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وکلاء مسلسل حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ سندھ ہائی کورٹ بار نے پیر کو عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 17 ہارون رائل سٹی فیز ون اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں گھات لگائے چار ملزمان نے ہائی کورٹ کے سینئر وکیل پچپن سالہ میاں محمد طارق ولد رمضان آرائیں کو گاڑی سے اترتے ہی گولیاں مار دی تھیں۔ پشاور میں معروف وکیل ملک جرار ایڈووکیٹ کو بھی نامعلوم مسلح افراد نے گزشتہ روز فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔ جبکہ لاہور میں بھی نامعلوم افراد نے ایک سینئر وکیل سلیم رضا کو اغوا کے بعد قتل کر دیا۔

وکلاء کے قتل کے خلاف سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں وکلاء نے عدالتی کام کا مکمل بائیکاٹ کیا۔ وکلاء کے بائیکاٹ کی وجہ سے عدالتی امور متاثر ہوگئے۔ عدالتی کارروائیاں معطل ہونے کے باعث سائلوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی میں وکلاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایم اے جناح روڈ پردھرنا دیا جس کے باعث ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ اس موقع پر وکلاء نے مطالبہ کیا کہ وکلاء کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت وکلاء اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد کاشف حنیف کی جانب سے ایڈووکیٹ ایم ایم طارق کے قتل کی مذمت کی گئی۔ ملیر بار کے صدراشرف سموں کا کہنا تھا کہ وکلاء کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ کراچی سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں عدالتی بائیکاٹ کے باعث سماعت کے قیدیوں کو جیل سے نہیں لایا گیا جبکہ عدالتی کام متاثر ہونے سے سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر کا کوڈ : 238416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش