0
Sunday 10 Feb 2013 19:12

انقلاب اسلامی ایران کی 34ویں سالگرہ، ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت، دشمن مایوس

انقلاب اسلامی ایران کی 34ویں سالگرہ، ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت، دشمن مایوس
اسلام ٹائمز۔ آج اسلامی جمہوری ایران میں اسلامی انقلاب کی چونتیسویں سالگرہ منائی گئی۔ انقلاب اسلامی ایران کی چونتیسویں بہار کی مناسبت سے ملک بھر میں بڑی بڑی ریلیاں اور جلوس نکالے گئے، جن میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ  شرکت کرکے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی قدس سرہ، رہبر انقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای اور اسلامی نظام سے اپنی بھرپور وفاداری کا ثبوت دیا۔ شرکاء نے شہداء اور اسلامی انقلاب کے اھداف و مقاصد پر گامزن رہنے کا عزم کیا۔ اسلامی جمہوری ایران کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور قریے میں جلوس نکالئے گئے، جن میں جوانوں کی شرکت بڑی نمایاں تھی اور سب یکسان طور پر ولایت فقیہ کے سائے تلے سامراجی دشمن سے مقابلے پر تاکید کر رہے تھے۔

دارالحکومت تہران کے مختلف علاقوں سے بھی عظیم الشان جلوس نکالے گئے، جن میں شرکاء کی تعداد لاکھ میں تھی۔ یہ ریلیاں اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی آزادی اسکوائر پر اختتام پذیر ہوئیں، جہاں پر ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے قوم سے خطاب کیا۔ جلوس کے اختتام پر مختلف قراردادیں منظور کی گئیں، جن میں ملت ایران نے امریکہ اور دنیا پر مسلط نظام کی طرف سے لگائی گئی ظالمانہ پابندیوں کی مذمت کی۔ ایک قرارداد میں کہا گيا ہے کہ ایران کی بیدار اور ولایت فقیہ کی تابع قوم امریکہ کی سربراہی میں لبرل سرمایہ دارانہ اور تسلط پسند عالمی نظام کی عائد کردہ ظالمانہ اور یکطرفہ پابندیوں کی مذمت کرتی ہے اور اسلامی نظام کے حکام اور ذمہ داروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ قومی پیداواری سطح پر استقامتی معیشت کے اصولوں، جہادی حکمت عملی، ایرانی سرمائے اور جوانوں کی توانائيوں سے استفادہ کرتے ہوئے دشمن کی شیطانی سازشوں کو ناکام بنانے کی کوشش کریں، تاکہ اسلامی انقلاب کے دشمن اور عالمی تسلط پسند نظام کی شکست اور رسوائی ہوسکے۔

ایران کی بابصیرت اور دشمن شناس ملت نے اپنی ایک قرارداد میں اسلامی بیداری کو علاقے اور عالمی حالات کا سرچشمہ قرار دیا اور کہا کہ یہ اسلامی بیداری اسلامی انقلاب اور اسلامی ممالک کی جانب سے اسلامی جمہوری نظام کے مقدس اھداف اور سامراج کے خلاف جدوجہد کو نمونہ عمل بنانے کا نتیجہ ہے۔ اس قرارداد میں سامراجی طاقتوں کے حمایت یافتہ ڈکٹیٹروں کے تسلط سے رہائی پانے والے ملکوں میں ديگر ممالک کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی بیداری کو منحرف کرنے کی دشمنوں کی سازشوں کے مقابل میں ہوشیار رہنے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے۔ ملت ایران نے آج اپنے اسلامی انقلاب کی چونتیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنی قرارداد میں کہا ہے کہ قوموں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق ہے۔ 

ایک قرارداد میں بحرین میں آل سعود کی مدد، عالمی اداروں، انسانی حقوق اور جمہوریت کے دعویداروں کی معنی خیز خاموشی کے زیر سایہ آل خلیفہ کی پٹھو حکومت کے ہاتھوں ملت بحرین کے وحشیانہ قتل عام کی مذمت کی گئی اور مظلوم ملت بحرین کی حمایت کی گئی ہے۔ ملت ایران نے اپنی اس قرارداد میں ملت بحرین کی استقامت اور ظلم کے خلاف جدوجہد کو سراہا ہے۔ ملت ایران نے اپنی ایک اور قرارداد میں امریکہ کو اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دیا ہے اور تاکید کی ہے کہ ایران پر دباؤ جاری رکھتے ہوئے واشنگٹن کی طرف سے ایران کے ساتھ مذاکرات پر اصرار علاقے میں اپنی شکستوں اور ناکامیوں کا مداوا کرنے اور ایران کی اسلامی انقلابی اور عوامی حکومت کو مذاکرات کی میز پر لانے کی شاطرانہ چال ہے۔

واضح رہے آج تہران کے عظیم الشان جلوس میں اسلامی حکومت کے اعلٰی سول اور فوجی حکام نے بھی بھرپور شرکت کی۔ شہر مقدس قم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بزرگ مراجع تقلید اور علماء نے بھی آج اسلامی انقلاب کی چونتسیویں سالگرہ کے موقع پر جلوس میں شرکت کی، آيت اللہ ناصر مکارم شیرازی، آیت اللہ حسین نوری ہمدانی، آیت اللہ جوادی آملی، آیت اللہ سید محمود شاہرودی اور آیت اللہ ابراہیم امینی نے عوام کے ساتھ آج جلوس میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 238634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش