0
Monday 11 Feb 2013 19:22
عوام کی بھرپور شرکت نے دشمن کو مایوس کر دیا

ایران کے دشمن اس بات کا احساس کرچکے ہیں کہ وہ ایرانی قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتے، سید علی خامنہ ای

ایران کے دشمن اس بات کا احساس کرچکے ہیں کہ وہ ایرانی قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتے، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ انقلاب اسلامی ایران کے سربراہ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ نے کہا ہے کہ ایران کے دشمن زمینی حقائق پر مبنی اس چیز کو دیکھ، سمجھ اور اس بات کا تجزیہ و تحلیل کرچکے ہیں کہ وہ ایرانی قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ انکا کہنا تھا کہ دشمن اس بات کا احساس کر چکا ہے کہ وہ ملت ایران کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ ایران کے سپریم لیڈر نے ملک بھر میں انقلاب اسلامی ایران کی چونتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت پر انہیں سراہا اور ریلیوں اور جلوسوں میں زبردست عوامی شرکت کو بڑا واقعہ قرار دیا۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے آج صبح درس خارج فقہ کے دوران یہ بات تاکید کے ساتھ کہی کہ ایک ایسے وقت جب اسلامی انقلاب کی کامیابی کو 34 سال گزر چکے ہیں، انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والے پروگراموں میں ایرانی عوام، جوانوں، بزرگوں، مرد اور خواتین کی زبردست شرکت عظیم نعمت الٰہی ہے، جس کا عمر بھر شکر گزار ہونا چاہیئے۔ 

22 بہمن (11فروری) 1979ء کو ایرانی قوم نے آیت اللہ العظمٰی امام خمینی (رہ) کی قیادت میں امریکی حمایت یافتہ پہلوی شہنشاہی حکومت کا خاتمہ اور انقلاب اسلامی ایران کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔ اس عظیم دن کی یاد منانے کے لئے اتوار کے دن ایران کے دارالحکومت تہران سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں لاکھوں افراد پر مشتمل بہت بڑی بڑِی ریلیاں نکالی گئیں۔ ان ریلیوں اور جلوسوں کے شرکاء نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی قدس سرہ شریف، رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای اور اسلامی نظام سے وفاداری کا ثبوت دیا۔ پرجوش شرکاء نے شہداء و اسلامی انقلاب کے اھداف و مقاصد پر مضبوطی سے گامزن رہنے پر تاکید کی۔
 
آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ درست اس وقت جب ایرانی قوم کی آزادی اور عظمت کے دشمن یہ توقع کر رہے ہوتے ہیں کہ اب لوگ انقلاب اسلامی اور جمہوری اسلامی سے فاصلہ اختیار کرچکے ہیں، انقلاب اسلامی ایران کی 34ویں سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والی ریلیوں میں لوگوں کی بھرپور شرکت نے ایک دفعہ پھر دشمن کو سخت مایوس کر دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری اسلامی ایران کا دشمن لوگوں کی وسیع پیمانے پر شرکت کو کم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی عوام کی بھرپور شرکت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عین اس وقت پر جب ایرانی قوم کی خودمختاری اور عزت و کرامت کے دشمنوں کو توقع تھی کہ ایرانی عوام، انقلاب اور اسلامی جمہوری ایران کی آواز نہیں سنیں گے، ایرانی قوم نے اپنی بھرپور شرکت سے دشمنوں کو مایوس کر دیا۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ انقلاب اسلامی کے دشمن، 22 بہمن کے جلوسوں میں ایرانی قوم کی شرکت کو کم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کہا کہ اسکے باوجود وہ حقائق کو سمجھتے ہیں، اور یہ نتیجہ حاصل کرچکے ہیں کہ ایرانی قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
خبر کا کوڈ : 238888
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش