QR CodeQR Code

شام اور عراق میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ شیطانی لومڑ امریکہ کروا رہا ہے، علی لاریجانی

11 Feb 2013 19:53

اسلام ٹائمز: ای سی او پارلیمانی کانفرنس سے خطاب میں ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں مخلص ہیں، اس منصوبے پر کام جاری رکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی مجلس شورٰی اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیکر ڈاکٹر علی اکبر لاریجانی نے کہا کہ ای سی او ممالک کو خطے میں غیر ملکی طاقتوں کے اثر کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایرانی اسپیکر نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن ہے اور یہ جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں مخلص ہیں، اس منصوبے پر کام جاری رکھیں گے۔ ایرانی اسپیکر نے کہا کہ شیطانی لومڑ امریکہ خطے میں اپنی اجارہ داری چاہتا ہے، عراق اور شام میں جو ہو رہا ہے وہ یہی شیطانی لومڑ کرا رہا ہے۔ علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ شام کا بحران فوجی نہیں بلکہ مذاکرات سے حل کیا جانا چاہیے، ایران اس عمل کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

اس سے پہلے ای س او کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ دہشتگردی، انتہاء پسندی اور عدم برداشت سے خطے کے امن و استحکام اور سکیورٹی کو سنجیدہ خطرات کا سامنا ہے۔ ممبر ممالک کو دیرپا سماجی و معاشی ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ایجنڈے پر عملدرآمد کروانا ہوگا۔ تقریب سے افغانستان، ترکی، تاجکستان اور آذربائیجان کے اسپیکرز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی تجارت، معاشی تعاون کے فروغ اور سماجی و معاشی ترقی کے ذریعے غربت کے خاتمے کے لئے مزید مضبوط تعاون کی بنیادیں فراہم کرے گی۔

اجلاس میں ای سی او ممالک کی پارلیمانی اسمبلی کے قیام اور اسکے چارٹر کی منظوری دے دی گئی۔ تنظیمی ممالک مشترکہ مفادات، مواقعوں اور اقدار کے لئے عالمی فورمز پر تعاون کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والی پہلی ای سی او ممالک کی پارلیمانی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں آذربائیجان، تاجکستان، افغانستان، پاکستان، ترکی اور ایران کے اسپیکرز نے چارٹر پر دستخط کئے۔ چارٹر کے تحت اسمبلی کے قیام کا مقصد عوامی سطح پر رابطوں کا فروغ، ممبر ممالک کی پارلیمنٹس کے باہمی تجربات اور قانون سازی سے استفادہ ہے۔ اسمبلی ممبر ممالک کے اسپیکرز پر مشتمل ہوگی اور اس کا مستقل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 238890

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/238890/شام-اور-عراق-میں-جو-کچھ-ہو-رہا-ہے-وہ-شیطانی-لومڑ-امریکہ-کروا-علی-لاریجانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org