0
Monday 11 Feb 2013 20:10

امریکہ کیلئے افغانستان سے انخلاء سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے، حلیم عادل شیخ

امریکہ کیلئے افغانستان سے انخلاء سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ق سندھ کے جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بھارت کی افغانستان میں غیر ضروری نقل و حرکت پاکستان کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت افغانستان کی سرزمین سے پاکستان مخالف کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور ایسے عناصر کی مالی مدد کرتا ہے جو بلوچستان میں گڑبڑ کرتے رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں افغان حکومت کو چاہیئے کہ اپنی سرزمین سے بھارت کی پاکستان مخالف کارروائیوں کی روک تھام کرے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں مشکلات پیدا ہوتی رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اس وقت امریکہ کیلئے سب سے بڑا مسئلہ افغانستان سے انخلاء کا ہے اور افغانستان سے نیٹو فورسز کا پہلا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ امریکی فوجی انخلاء کے بعد اگر ہندوستان کی پاکستان مخالف کارروائیاں بڑھیں جس کا امکان نظر آتا ہے تو پاکستان کیلئے مشکل ہوگا کہ وہ افغانستان کی اقتصادی مدد اور تجارتی سہولتیں جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ سے ہی یہ کوشش رہی ہے کہ دوست ممالک ظلم و ستم کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی حکومت افغان طالبان سے مذاکرات کرکے اپنے مسائل کا سیاسی حل نکالے تاکہ کرزئی حکومت کی نمائندہ حیثیت بہتر ہو اور حکومت افغانستان کے امن و سلامتی کی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دے سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں افضل گرو کی پھانسی پر سخت ردعمل اس بات کی نشاندہی ہے کہ پاکستان کشمیر اور اس میں بسنے والوں سے کس قدر محبت کرتا ہے۔ اس وقت پاکستانی عوام کی نظر میں بھارت کے ساتھ مزید خیر سگالی کا جذبہ کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 238891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش