0
Monday 11 Feb 2013 21:01

الیکشن میں امریکی ایجنٹوں اور سیکولر عناصر کا مقابلہ کیا جائے گا، جے یو آئی (ف)

الیکشن میں امریکی ایجنٹوں اور سیکولر عناصر کا مقابلہ کیا جائے گا، جے یو آئی (ف)
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان اور سیکریٹری اطلاعات قاضی امین الحق آزاد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکمران ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو اپنی جماعتوں میں شامل کرنے میں مصروف ہیں۔ حکمرانوں کا مطمع نظر صرف اقتدار کا حصول ہے۔ جبکہ قوم شدید بدامنی، لوٹ مار، بھتہ خوری، مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کے عذاب سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آئے روز بے گناہوں کی لاشیں گر رہی ہیں جبکہ تاجروں سمیت ہر شہری خوف کی فضاء میں زندگی گزار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں عوام کے ساتھ اب تک کئی نامور علماء کرام اور طلباء کو شہید کیا جا چکا ہے لیکن کبھی بھی مقتول کے قاتل قانون کی گرفت میں نہیں آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹھ فروری کی پر امن ہڑتال نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے، اب حکومت کو فیصلہ کرنا ہے کہ اس نے قانون کی بالادستی و حکمرانی قائم کرنی ہے یا یوں ہی شہر کو دہشت گردوں، بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالمجید دین پوری، مولانا صالح محمد اور دیگر علماء کرام اور دینی طلاب کے سفاک قاتلوں کو گرفتار کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم نے آٹھ فروری کی ہڑتال سے احتجاج کا آغاز کردیا ہے اور قاتلوں کی گرفتاری تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماﺅں نے مزید کہا کہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے امریکی ایجنٹوں اور سیکولر عناصر کا مقابلہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 238895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش