0
Wednesday 13 Feb 2013 13:25

عشقِ رسول (ص) کا تقاضا ہے کہ اہل بیت (ع) کا ذکر شب و روز کیا جائے، ڈاکٹر محمد سلیمان

عشقِ رسول (ص) کا تقاضا ہے کہ اہل بیت (ع) کا ذکر شب و روز کیا جائے، ڈاکٹر محمد سلیمان
اسلام ٹائمز۔ جشن عید میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں حیدرآباد کے معروف قلمکار و محقق ڈاکٹر مبارک علی کی قیام گاہ پر سالانہ یادگاری میلاد مصطفی (ص) کا روح پرور اجتماع منعقد ہوا۔ محفل میلاد سے مرکزی جماعت اہلسنت ضلع حیدرآباد کے امیر علامہ ڈاکٹر قاری محمد سلیمان اعوان سروبہ مجددی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آقائے دو جہاں (ص) کی ولادت باسعادت کی خوشی منانا اللہ تبارک و تعالیٰ کی مقدس کتاب قرآن پاک سے ثابت ہے۔ رب کریم نے حضور اکرم (ص) کی ولادت باسعادت سے آسمانوں کو منور و مستفیض کیا۔ سرکار دو عالم کا گھرانہ اہل بیت (ع) بھی نور مصطفی (ص) سے مستفیض ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم (ص) کی ولادت باسعادت سے گمراہوں کو روشنی ملی اور تمام عالم اسلام میں اتفاق و اتحاد پیدا ہوا۔ جانوروں، پرندوں نے حتیٰ کہ حجر اسود نے بھی خوشیاں منائیں، بنی نجار کی بیٹیوں نے خوشیاں منائیں۔

ڈاکٹر محمد سلیمان نے کہا کہ نبی اکرم (ص) نے ارشاد فرمایا کہ میرے اہل بیت (ع) سفینۂ نوح کی طرح ہیں جو اِس میں سوار ہوا وہ کامیاب و کامران ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کی خوشی سے قلب و روح کو تسکین حاصل ہوتی ہے، ایمان تازہ ہوتا ہے، اولاد میں خیر و برکت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میلاد شریف جس منت سے منایا جائے وہ پوری ہوتی ہے۔ رب کریم ارشاد فرماتا ہے کہ جس نے میرے محبوب (ص) کی اطاعت کی اُس نے میری اطاعت کی۔ جس نے میرے محبوب (ص) سے محبت کی اللہ تعالیٰ اُس کے اگلے پچھلے گناہ معاف فرما دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رب کریم بندے کی ذات، رنگ و نسل کو نہیں دیکھتا وہ تو محبوب کریم (ص) سے عشق و محبت کو دیکھتا ہے، اِسی وجہ سے اِس بندے کے گھر پر انوار و تجلیات کا نزول رہتا ہے۔

قاری سلیمان اعوان اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آنحضرت (ص) نے فرمایا کہ خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا جنت کی عورتوں کی سردار ہیں اور جب اُن کا پل صراط سے گذر ہوگا تو ملائکہ و فرشتہ کہیں گے کہ اپنی نگاہوں کو خم کرلو خاتون جنت (ع)، امام الانبیاء کی لخت جگر کی سواری جا رہی ہے۔ آنحضرت نے حضرت علی علیہ السلام کیلئے کہا کہ میں علم کا شہر ہوں اور علی اِس کا دروازہ ہیں۔ محفل میلاد میں حیدرآباد کے مشہور و معروف نعت خواں منظور حسین کھوکھر، حافظ نجم الدین، وکیل حسین نظامی، نصر الدین انجم نے بارگاہِ رسالت مآب (ص) میں ہدیۂ نعت پیش کیا جبکہ اِس اجتماع میں حیدرآباد کے اہل قلم، دانشور، ادیب اور عقیدت مندان اور ڈاکٹر محمد یوسف چوہان، سید منیر حیدر و دیگر نے شرکت کی۔ محفل صلوٰۃ و سلام پر اختتام پذیر ہوئی اور لنگر میلاد شریف و اہل بیت حاضرین میں تقسیم کیا گیا اور پاکستان کی سلامتی، امن و آشتی کیلئے دُعائے خیر کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 239287
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش