0
Friday 15 Feb 2013 01:33

اے پی ایم ایل ٹیکس کے خلاف نہ رکنے والا عوامی احتجاج شروع کرے گی، منظور یولتر

اے پی ایم ایل ٹیکس کے خلاف نہ رکنے والا عوامی احتجاج شروع کرے گی، منظور یولتر
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر حاجی منظور یولتر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کی عوام سے ٹیکس کے نفاذ کے سلسلے کو فوری طور پر ختم کرے، بصورت دیگر آل پاکستان مسلم لیگ نہ رکنے والا عوامی احتجاجی سلسلہ شروع کرے گی۔ چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ ہمیں موجودہ سیٹ اپ پر ہنسی بھی آتی ہے اور رونا بھی۔ وہ اس لئے کہ اول تو گلگت بلتستان صرف ایک نام ہے، آئینی طور پر نہ ہی گلگت بلتستان صوبہ ہے اور نہ ہی کسی اور کھاتے میں ہے۔ افسوس اس امر کا ہے کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا تب تک گلگت بلتستان کو صوبہ کہنا اور اسی نام کی آڑ میں گلگت بلتستان کے غریب عوام پر ناجائز ٹیکس لاگو کرنا سراسر گلگت بلتستان کے عوام کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی بھی ٹیکس کے نفاذ کے حق میں نہیں، ہم اپنی جدوجہد عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے جاری رکھیں گے، چاہے ہمیں جس قسم کی قربانی دینا پڑے، ہم انشاء اللہ بہت جلد احتجاجی سلسلہ شروع کرینگے۔

چیف آرگنائزر نے اس بات پر بھی انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان کے غریب عوام سے ان کے منہ کا نوالہ تک چھین لیا ہے۔ ان کی تین سالہ کارکردگی صفر، رشوت کلچر عام، لوٹ مار کا بازار گرم اور جیالہ نوازی کے علاوہ تمام عوامی ملکیت کے محکموں کو یرغمال بنایا ہے۔ تمام محکموں میں اجارہ داری قائم ہے اور میرٹ کا جنازہ نکال دیا ہے۔ واپڈا میں آئے روز کی خرابی کو ٹھیک کرنے میں ناکام ایک کیبل کو ٹھیک کرنے کیلئے تین تین مہینے لگ جاتے ہیں۔ ریڈیو پاکستان چوک پر موجودہ ایک ہیوی جنریٹر پچھلے تین سالوں سے جواب دے بیٹھا ہے۔ حکومت کی نا اہلی کی انتہاء یہ ہے کہ ایک جنریٹر تین سالوں سے ٹھیک نہیں ہوسکا۔ چیف آرگنائزر کا مزید کہنا تھا کہ آل پاکستان مسلم لیگ بہت جلد ناجائز ٹیکس کے نفاذ کے خلاف عدالت اعلیٰ سے رجوع کرتے ہوئے عوامی تحفظ کیلئے کیس دائر کریگی۔
خبر کا کوڈ : 239295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش