QR CodeQR Code

ویلنٹائن ڈے کی تقریبات روکنے کیلئے اہل حدیث یوتھ فورس کی ڈنڈا فورس تیار

13 Feb 2013 19:25

اسلام ٹائمز:رہنماؤں نے اجلاس میں کہا کہ ویلنٹائن ڈے بسنت اور اپریل فول جیسے قبیح تہوار نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں، غیر اخلاقی تہواروں کے نام پر ملک میں بے حیائی، عریانی و فحاشی کو پروان چڑھایا جا رہا ہے


اسلام ٹائمز۔ منچلے سرعام ویلنٹائن ڈے منانے سے باز رہیں ورنہ اہل حدیث یوتھ فورس کے ڈنڈا بردار نوجوان بزور طاقت روکیں گے، اہل حدیث یوتھ فورس غیر اسلامی و اخلاقی ویلنٹائن ڈے کے مقابلے میں ’’یوم حیاء‘‘ کے طور پر منائے گی، اس سلسلہ میں لاہور کے پبلک مقامات پر غیر اخلاقی ویلنٹائن ڈے کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جائیگا اور اسلامی محبت کے حوالے سے پمفلٹ بھی تقسیم کئے جائینگے۔

اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے صدر حافظ ذاکر الرحمن صدیقی اور مرکزی جنرل سیکرٹری حافظ فیصل افضل شیخ نے لاہور مرکز  106 راوی روڈ میں مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران، پاکستانی میڈیا اور علماء کرام سمیت تمام لوگ غیر شرعی ویلنٹائن ڈے جیسی رسم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں، اسلام میں محبت کا اظہار کرنے کیلئے وقت دن یا مہینہ مقرر نہیں، اسلام تو ہر ایک سے اخوت و محبت کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغرب کی تقلید سے پاکستان کی ترقی ممکن نہیں، ترقی کا راز اسلامی طرز زندگی اپنانے سے ہی ممکن ہے، لوگوں کو فحاشی و عریانی اور غیر اسلامی کاموں سے منع کرنا حکومت کا فرض ہے، حکومت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی فحاشی و عریانی کے خاتمے کیلئے فوری سدباب کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے ویلنٹائن ڈے کے نام پر تہوار منانا اس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔

رہنماؤں نے اجلاس میں کہا کہ ویلنٹائن ڈے بسنت اور اپریل فول جیسے قبیح تہوار نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں، غیر اخلاقی تہواروں کے نام پر ملک میں بے حیائی، عریانی و فحاشی کو پروان چڑھایا جا رہا ہے اور نظریہ پاکستان کو فراموش کرنے کی ایک خطرناک سازش تیار کی جا رہی ہے۔ حکومت حیاء سوز، غیر اسلامی اور قومی سلامتی کے منافی تہواروں پر مکمل پابندی عائد کرے۔


خبر کا کوڈ: 239380

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/239380/ویلنٹائن-ڈے-کی-تقریبات-روکنے-کیلئے-اہل-حدیث-یوتھ-فورس-ڈنڈا-تیار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org