QR CodeQR Code

ویلنٹائن ڈے غیر اسلامی، غیر شریفانہ ثقافت کا مظہر ہے، مولانا افضل حیدری

13 Feb 2013 19:41

اسلام ٹائمز:وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ آج مغرب اپنی بے حیائی و بے عفتی سے نالاں ہے مگر یہاں مخصوص طبقے، عظیم اسلامی تہذیب و ثقافت اپنانے کی بجائے ’’ویلنٹائن ڈے‘‘ جیسی غیر شریفانہ رسوم کو ترویج دینا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد افضل حیدری نے ویلنٹائن ڈے کی ترویج پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اسے غیر اسلامی، غیر شریفانہ ثقافت کا مظہر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مغرب اپنی بےحیائی و بےعفتی سے نالاں ہے مگر یہاں مخصوص طبقے، عظیم اسلامی تہذیب و ثقافت اپنانے کی بجائے ’’ویلنٹائن ڈے‘‘ جیسی غیر شریفانہ رسوم کو ترویج دینا چاہتے ہیں۔ جامعہ المنتظر کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ دن منانے کی بجائے اہل مغرب کو اس کی قباحتوں اور عفت و حیاء پر مبنی عظیم اسلامی تہذیب و ثقافت کے روشن پہلوؤں سے آگاہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ثقافت صاف شفاف اور پاکیزہ ہے جو دلوں اور ذہنوں کو بھی پاکیزہ بناتی ہے اور جس کے دائرہ میں رہتے ہوئے نئی نسل روحانی بلندی حاصل کر سکتی ہے لیکن ایسے تہواروں کا فروغ ہماری نسل کو گمراہ کرنے کی گہری سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسی سازشوں کو خود بھی ادراک کریں اور قوم کو بھی ان سے آگاہ کریں۔ مولانا افضل حیدری نے کہا کہ استعمار ہماری نسل کو گمراہی کے اندھیروں میں دھکیل کر ان کے ذہنوں پر قابض ہو کر انہیں اپنا غلام بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویلنٹائن ڈے کسی بھی مذہب میں نہیں بلکہ خاص اداروں نے اپنے مخصوص مقاصد کے حصول کے لئے اسے خصوصی طو پر مسلم ممالک میں فروغ دیا ہے جس میں ہمارے میڈیا کو بھی استعمال کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 239383

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/239383/ویلنٹائن-ڈے-غیر-اسلامی-شریفانہ-ثقافت-کا-مظہر-ہے-مولانا-افضل-حیدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org