0
Thursday 14 Feb 2013 14:56

ادارہ صراط مستقیم کا ویلنٹائن ڈے کیخلاف، ناموس رسالت کے حق میں مظاہرہ

ادارہ صراط مستقیم کا ویلنٹائن ڈے کیخلاف، ناموس رسالت کے حق میں مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ ادارہ صراط مستقیم کے زیراہتمام ناموس رسالت(ص) کے حق میں اور ویلنٹائین ڈے کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ڈویژن کے صدر مولانا محمد صدیق مصحفی نے کہا کہ گستاخانہ فلم کو یوٹیوب سے نہ ہٹایا جانا کروڑوں مسلمانوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ صراط مستقیم اس وقت تک احتجاج جاری رکھے گا جب تک گستاخانہ فلم کو یوٹیوب سے نہیں ہٹایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام اور آئین پاکستان میں گستاخ رسول کی سزا صرف موت ہے، ناموس رسالت (ص) کا تحفظ مسلمانوں کے ایمان کا جہاد ہے اور جو قوتیں گستاخی رسول(ص) پر یہوودنصاریٰ کی مذمت و بیخ کنی نہیں کر رہیں وہ اپنے ایمان کی خیر منائیں، ہم اپنے اسلاف و اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسلام اور پاکستان کی سربلندی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے، وہ آقا دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے فلسفے امن، محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دیگر مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گستاخانہ فلم کا زخم اتنا گہرا ہے کہ جسے اُمت مسلمہ کبھی بھلا نہیں سکتی، اس سلسلہ میں امریکہ کا رویہّ نہایت ہی شرمناک اور خطرناک ہے، جسے عاشقانِ رسول(ص) کبھی برداشت نہیں کر سکتے چنانچہ ناموس رسالت(ص) کے مسئلہ میں ہر محاذ پر مغرب کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ صراط مستقیم کے زیراہتمام ویلنٹائین ڈے کو یوم حیاء کے طور پر منایا گیا۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے، ویلنٹائین ڈے مسلمان بہن بیٹیوں کی عزتوں کو ختم کرنے اور بے راہ روی کی طرف لگانے کا ایک طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویلنٹائین ڈے غیر مسلموں کا تہوار ہے، اسلام ہرگز بے حیائی کی اجازت نہیں دیتا، اسلام عورت کے ساتھ کسی بھی پرسنل تعلق کو برائی قرار دیتا ہے، ہمیں اسلام اور اپنی مذہبی روایات اور ثقافت پر عمل کرتے ہو ئے اس فحاشی کے تہوار سے دور رہناچاہئے، حکومت اس بے ہودہ دن کو منانے کی روک تھام کیلئے خصوصی انتظامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جدت اور ترقی کے نام پر غیر اسلامی روایات کو اپنا کر اخلاقی قدروں کا جنازہ نکالا جا رہا ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ والدین مذہبی جماعتیں محب وطن اور اسلام پسند این جی اوز حیاء سوز رسم کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ 14 فروری کو محبت کے عنوان سے کی جانے والی بے حیائی کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر مولانا مرتضیٰ علی ہاشمی، علامہ فیاض قادری، مولانا ریاست علی جلالی، مولانا شہزاد مدنی، مولانا محمد یونس قادری، ڈاکٹر محمد آصف علی جلالی اور مولانا شاہد عزیز جلالی بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 239589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش