QR CodeQR Code

ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں سعودی وزیر خارجہ کا دعویٰ حیرت انگیز اور بے بنیاد ہے، رامین مہمان پرست

14 Feb 2013 15:34

اسلام ٹائمز: سعودی وزیر خارجہ کے بیان پر اپنے ردعمل میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران این پی ٹی کے تحت تمام بین الاقوامی معاہدوں کا پابند ہے اور اس حوالے سے تشویش کی کوئی گنجائش نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل کے اس حالیہ بیان کو شدت سے مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران ایٹم بم بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے این پی ٹی پر دستخط کر کے اسلامی جمہوری ایران نے بعض بین الاقوامی شرائط کو قبول کر رکھا ہے اور ان سے انحراف کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ منگل کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اپنے آسٹرین ہم منصب مائیکل سپینڈلگر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعودالفیصل نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران ایٹمی عدم پھیلاو کے بین الاقوامی معاہدے این پی ٹی کو نظر انداز کرتے ہوئے ایٹم بم بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کے بیان پر اپنے ردعمل میں ایرانی وزیر خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست کا کہنا تھا کہ سعودالفیصل کا یہ دعویٰ حیرت انگیز اور بے بنیاد ہے، مہمان پرست نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوری ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن ہے۔ 

یاد رہے کہ امریکہ، صیہونی حکومت اور ان کے کچھ اتحادی ممالک اسلامی جمہوری ایران پر یہ جھوٹا الزام لگاتے رہے ہیں کہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے، جبکہ ایران ہمیشہ سے ان بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا رہا ہے، اسلامی جمہوری ایران کا کہنا ہے کہ اس نے ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے این پی ٹی پر دستخط کر رکھے ہیں، اور وہ اس معاہدے میں موجود تمام شرائط پر پوری طرح  عملدرآمد کر رہا ہے۔ ایران کا یہ بھی کہنا ہے کہ این پی ٹی کا رکن ملک ہونے کے ناطے پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال کا اسے پوری طرح حق حاصل ہے اور وہ اپنے اس مسلمہ حق سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ایران کا مزید کہنا ہے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی آئی اے ای اے نے اسلامی جمہوری ایران کی تمام ایٹمی تنصیبات پر اپنے انسپکٹر تعینات کر رکھے ہیں اور آج تک اس کے ایٹمی پروگرام میں انحراف کا کوئی ثبوت حاصل نہیں کیا جاسکا۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعودالفیصل سے منسوب بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمانپرست نے ایران کی جانب سے ایٹم بم حاصل کرنے پر مبنی سعودالفیصل کے بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انکے بیان کو بے بنیاد قرار دیا اور اس بات پر تاکید کی کہ اسلامی جمہوری ایران کا جوہری پروگرام، پرامن مقاصد کے لئے ہے۔ مہمان پرست کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمہوری ایران ، این پی ٹی کے تحت تمام بین الاقوامی معاہدوں کا پابند ہے اور اس حوالے سے تشویش کی کوئی گنجائش نہیں۔


خبر کا کوڈ: 239594

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/239594/ایران-کے-ایٹمی-پروگرام-بارے-میں-سعودی-وزیر-خارجہ-کا-دعوی-حیرت-انگیز-اور-بے-بنیاد-ہے-رامین-مہمان-پرست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org