QR CodeQR Code

امریکہ سے ڈرنے والے لیڈر نہیں گیدڑ ہیں، فضل کریم

15 Feb 2013 14:07

اسلام ٹائمز:سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا خیبرپختونخوا سے ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کے لیے جاگنا اور اٹھنا ہو گا تاکہ موروثی سیاست سے نجات حاصل کی جا سکے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کو ذریعۂ انقلاب بنائیں، امریکہ سے ڈرنے والے لیڈر نہیں گیدڑ ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی حب الوطنی پر شک نہیں کیا جانا چاہیے، اوورسیز پاکستانیوں کی پاکستان سے وفاداری کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے، دوسروں کو غیرملکی شہریت کا طعنہ دینے والے پہلے خود اپنی اولادیں اور جائیدادیں پاکستان منتقل کریں،تمام سیاستدانوں کو جمہوریت کا دفاع کرنا چاہیے مگر ایسی جمہوریت جس میں عوام پھر آمریت کو یاد نہ کریں۔

پیر سیدکمال شاہ کی قیادت میں سنی اتحاد کونسل خیبرپختونخوا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکی توسیع پسندی کی وجہ سے دنیا غیرمحفوظ ہوتی جا رہی ہے، کراچی مجرموں کی جنت بن چکا ہے، حکومت کراچی کے حالات ٹھیک کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کے حالیہ بحران نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کی خواہش عوامی لہر میں تبدیل ہو چکی ہے، ذلتوں کے مارے لوگ آہستہ آہستہ بیزار، متحد اور منظم ہو رہے ہیں،خلق خدا کا راج لانے کے لیے سٹیٹس کو کی دھجیاں اڑانا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ڈنڈے کی بجائے ڈائیلاگ، بلٹ کی بجائے بیلٹ اور برچھی کی بجائے پرچی سے انقلابِ نظامِ مصطفی لائے گی، عوام آئندہ الیکشن میں کرسی اور کمیشن، الزام اور انتقام، مفاد اور عناد، نوٹوں اور لوٹوں، بدعنوانی اور بدزبانی کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دے گی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کے لیے جاگنا اور اٹھنا ہو گا تاکہ موروثی سیاست سے نجات حاصل کی جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 239772

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/239772/امریکہ-سے-ڈرنے-والے-لیڈر-نہیں-گیدڑ-ہیں-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org