0
Friday 15 Feb 2013 19:43

پشار میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف تاریخی احتجاجی ریلی، ہزاروں افراد کی شرکت

پشار میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف تاریخی احتجاجی ریلی، ہزاروں افراد کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں جاری اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مختلف تنظیموں کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و زن، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے شرکت کی۔ امامیہ رابطہ کونسل کے توسط سے جامع مسجد کوچہ رسالدار سے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلی برآمد ہوئی۔ ریلی کے شرکاء لبیک یا حسین (ع) کی صدائیں بلند کرتے ہوئے قصہ خوانی بازار کی طرف آئے، شرکاء نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر پشاور سمیت ملک بھر میں جاری اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔ علاوہ ازیں شہداء ملت جعفریہ کی تصاویر بھی ریلی میں شریک بچوں نے اٹھا رکھی تھیں۔ ریلی میں سابق سینیٹر اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی شوریٰ نظارت کے رکن علامہ سید جواد ہادی، امامیہ جرگہ خیبر پختونخوا کے سربراہ سردار سجاد علی، مظفر علی اخونزادہ، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے رہنماء ارشاد حسین بنگش، شیعہ علماء کونسل ضلع پشاور کے صدر مجاہد اکبر، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے رہنماء سید محمد سمیت دیگر تنظیموں کے رہنماوں، ماتمی انجمنوں کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

ریلی قصہ خوانی سے ہوتی ہوئی سوئیکارنو چوک پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ اس موقع پر علامہ ارشاد حسین خلیلی، علامہ نذیر حسین اور معروف عالم دین علامہ سید جواد ہادی نے خطاب کیا۔ پشاور میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فوری طور پر اس سلسلے کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ جلسہ کے آخرمیں بعض قرار دادیں بھی منظور کی گئیں۔ جو ذیل تھیں۔
1۔ ملک بھر میں شیعہ اکابرین، نوجوانوں، بچوں اور خواتین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
2۔ ملت جعفریہ کا یہ تاریخی اجتماع حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ دہشتگروں کو بیرون ملک سے ملنے والے فنڈز کو روکنے کیلئے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
3۔ یہ اجتماع حکومت سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ دہشتگردوں کی سرکوبی اور نہتے عوام کے تحفظ کے لئے کور کمانڈر پشاور کے زیر نگرانی فوج پر مشتمل خصوصی سیل قائم کرکے دہشتگردوں اور ان کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی جائے۔
4۔ اجتماع بےگناہ شیعہ افراد کی بلاجواز گرفتاریوں کو حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ بے گناہ افراد کو فوری طو رپر رہا کیا جائے۔
5۔ یہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے سویلین افراد کو وہی پیکج دیا جائے جو آرمڈ فورسز اور پولیس کودیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 239826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش