QR CodeQR Code

گلگت، صوبائی پیکج کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، علامہ راحت حسین الحسینی

16 Feb 2013 00:02

اسلام ٹائمز: خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ و الجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد کا کہنا تھا کہ علاقے کے تمام شیعہ، سنی اور اسماعیلی عوام باشعور ہو چکے ہیں اور متحد ہو کر ان تمام سازشوں کو مقابلہ کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے معروف عالم دین اور امام جمعہ و الجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت حجتہ الاسلام علامہ آغا سید راحت حسین الحسینی نے گلگت میں خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم کے مقامی سرپرست کی جانب سے ملک کی مختلف مذہبی شخصیات سے ملاقاتوں بالخصوص دفاع پاکستان کونسل کے سرپرست مولانا سمیع الحق سے ملاقات اور متنازعہ بیانات پر اپنے شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ گلگت بلتستان کو ملنے والے صوبائی سیٹ اپ کیخلاف کسی بھی قسم کی سازش کو علاقے کے تمام مکاتب فکر کے غیور اور باشعور عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے اور موجودہ صوبائی سیٹ اپ کیخلاف ایک مخصوص مٹھی بھر شرپسند گروہ کے عزائم کو ناکام بنا دیا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نادیدہ قوتیں روز اول سے گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دینے اور مکمل قومی دھارے میں شامل کرنے کی مخالف رہی ہیں اور یہی قوتیں درحقیقت جمہوریت کیخلاف اور ان شرپسند گروہوں کے ذریعے اپنے گھناؤنے منصوبوں کو تکمیل تک پہنچانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، مگر اب الحمدللہ علاقے کے تمام شیعہ، سنی اور اسماعیلی عوام باشعور ہو چکے ہیں اور متحد ہو کر ان تمام سازشوں کو مقابلہ کرینگے۔ انہوں نے جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر حاجی گلبر اور مسلم لیگ ق گلگت بلتستان کے ممبر قانون ساز اسمبلی و وزیر بلدیات بشیر احمد خان کے بیانات کو اس ضمن میں حوصلہ افزا قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملت جعفریہ تمام مکاتب فکر کے سنجیدہ طبقات کیساتھ مل کر گلگت بلتستان کو مکمل قومی دھارے میں شامل کرانے اور اس صوبائی سیٹ اپ کو قانونی حیثیت دلانے کیلئے جلد لائحہ عمل طے کرکے عملی جدوجہد کا آغاز کریگی۔


خبر کا کوڈ: 239917

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/239917/گلگت-صوبائی-پیکج-کیخلاف-کوئی-سازش-کامیاب-نہیں-ہونے-دینگے-علامہ-راحت-حسین-الحسینی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org