0
Saturday 16 Feb 2013 23:33

نظریاتی بنیادوں پر مضبوط اور مستحکم پاکستان دنیا بھر کے مظلومین کی قوت کا سبب بن سکتا ہے، ناصر عباس شیرازی

نظریاتی بنیادوں پر مضبوط اور مستحکم پاکستان دنیا بھر کے مظلومین کی قوت کا سبب بن سکتا ہے، ناصر عباس شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت داخلی اور خارجی مسائل کا شکار ہے، جن میں داخلی مسائل کم ہیں لیکن خارجی زیادہ ہیں۔ ہمیں ان خارجی قوتوں کو جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں کو مکمل طور پر پاکستان سے ختم کرنا ہے۔ اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین بنیادی کردار ادا کرے گی، ہمارا مقصد ملکی سلامتی، باہمی رواداری اور ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ اس حوالے سے مجلس کا ہر نوجوان اپنے پاکیزہ کردار کے ذریعے جدوجہد کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مظفر گڑھ کے علاقے خانگڑھ میں سیاسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع مظفر گڑھ کی تین سو سے زائد سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ سیاسی اجتماع میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں علامہ باقر حسین شاہ، علامہ زکریا تُرابی، ضلعی سیکرٹری سیاسیات سید ندیم کاظمی، مولانا اسد عباس آہیر، سید عباس رضا گیلانی و دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ 

سید ناصر عباس شیرازی نے مزید کہا کہ ہم اُن پارٹیوں کو متنبہ کرتے ہیں جو چند سو ووٹو کی وجہ سے دہشت گردوں کو سیاسی دھارے میں شامل کر رہی ہیں اور اُن کی سرپرستی کر رہی ہیں کہ ان کا یہ عمل پاکستان کی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ہر قیمت پر ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایسی قوتوں کو ناکام بنا دے گی۔ نظریاتی بنیادوں پر مضبوط اور مستحکم پاکستان دنیا بھر کے مظلومین کی قوت کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین انتہاء پسندی اور فرقہ واریت سے پاک پاکستان کے لیے تمام معتدل قوتوں کو اکٹھا کرے گی۔ اور پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مقابلہ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 240189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش